عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ رات کی تاریکی میں عوام پر پٹرولیم قیمتوں کا بوجھ ڈالنا حکومتی ڈاکہ ہے، ایران امریکہ ثالثی کی قیمت پاکستانی عوام سے وصول کی جارہی ہے۔جاری کردہ بیان میں ایمل ولی نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ شرمناک اور قابل مذمت ہے، عوام کو نظام کی خرابی اور نئے صوبوں کی بحث میں الجھا کر اصل مسائل سے توجہ ہٹائی جارہی ہے، ملک کو آٹو پائلٹ پر چلایا جارہا ہے اور حکمران اپنے آقاؤں کی خوشنودی میں مصروف ہیں، اقتدار اور کرسی ہمیشہ نہیں رہتی، حکمرانوں کو کل پھر عوام کے پاس جانا ہوگا،انھوں نے مزید کہا ہے کہ حکمرانوں نے ماضی سے کوئی سبق نہیں سیکھا، آج کی قبولیت کل برقرار نہیں رہے گی، قبولیت ختم ہوگی تو حکمرانوں کو ایک بار پھر ووٹ کی عزت یاد آجائے گی، عوام کو اپنے حقوق، مہنگائی، ناانصافی اور استحصال کے خلاف اٹھنا ہوگا، عوام کو سیاسی و معاشی مسائل سے غافل رکھنے کی ہر کوشش ناکام بنانا ہوگی۔







