مہنگائی اور ٹیکس نفاذ کے خلاف شانگلہ میں جماعت اسلامی کا احتجاجی دھرنا

پیٹرولیم لیوی، مہنگی بجلی اور ملاکنڈ ڈویژن میں ٹیکسوں کے نفاذ کے خلاف جماعت اسلامی کا دھرنا۔پورن الوچ میں احتجاج، حکمران عوام کو ریلیف دینے کے بجائے مشکلات میں اضافہ کر رہے ہیں، مقررین۔ جماعت اسلامی شانگلہ کے زیر اہتمام پورن الوچ میں پیٹرولیم لیوی، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے، مہنگی بجلی اور ملاکنڈ ڈویژن میں ٹیکسوں کے نفاذ کے خلاف احتجاجی دھرنا دیا گیا۔ دھرنے میں جماعت اسلامی کے کارکنوں، مقامی عمائدین اور شہریوں نے شرکت کی اور حکومت سے عوام کو بڑھتی ہوئی مہنگائی اور اضافی مالی بوجھ سے نجات دلانے کا مطالبہ کیا۔دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی خیبرپختونخوا شمالی کے جنرل سیکرٹری محمد حلیم باچا نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بار بار اضافہ عوام کی مشکلات میں مسلسل اضافہ کر رہا ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ عوام پر مزید بوجھ ڈالنے کے بجائے مہنگائی کے خاتمے اور بنیادی ضروریات زندگی کی قیمتوں میں کمی کیلئے عملی اقدامات کرے۔انھوں نے کہا کہ پیٹرولیم لیوی اور دیگر ٹیکسوں کا براہ راست اثر عام آدمی کی زندگی پر پڑتا ہے۔ پٹرول اور ڈیزل مہنگا ہونے سے نہ صرف ٹرانسپورٹ کے اخراجات بڑھتے ہیں بلکہ اشیائے خورونوش، تعمیراتی سامان، زرعی اجناس اور روزمرہ استعمال کی دیگر اشیا بھی مہنگی ہوجاتی ہیں جس سے پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوتا ہے۔مقررین نے کہا کہ ملاکنڈ ڈویژن کے عوام کو پہلے ہی جغرافیائی مشکلات، محدود روزگار اور بنیادی سہولیات کی کمی کا سامنا ہے ایسے حالات میں علاقے پر نئے ٹیکسوں کا نفاذ عوام کیلئے ناقابل قبول ہے۔ حکومت کو مقامی حالات اور عوام کی معاشی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیکسوں کے معاملے پر نظرثانی کرنی چاہیے۔انھوں نے مہنگی بجلی اور طویل لوڈشیڈنگ پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باوجود عوام کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی میسر نہیں۔ شانگلہ سمیت بالائی علاقوں میں بجلی کی پیداوار اور دستیابی کے مسائل عوام کیلئے ایک مستقل اذیت بن چکے ہیں اس لیے حکومت بجلی کے نرخوں میں کمی اور فراہمی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے فوری اقدامات کرے۔جماعت اسلامی کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ عوام پہلے ہی مہنگائی، بے روزگاری، بجلی کے بھاری بلوں اور روزمرہ اخراجات میں اضافے سے پریشان ہیں جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ ان کی مشکلات کو کئی گنا بڑھا دیتا ہے۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم لیوی کے بوجھ میں کمی، بجلی کے نرخوں میں فوری ریلیف اور ملاکنڈ ڈویژن میں ٹیکسوں کے نفاذ کے معاملے پر عوامی تحفظات دور کئے جائیں۔دھرنے کے شرکاء نے مطالبات کے حق میں نعرے بازی بھی کی اور واضح کیا کہ عوامی مسائل کے حل تک احتجاج کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ مقررین نے حکومت پر زور دیا کہ وہ احتجاجی آوازوں کو نظرانداز کرنے کے بجائے عوام کے بنیادی مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے۔
____

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed