شانگلہ,نادرا دفاتر کے ملازمین کے لیے فائر سیفٹی اور فرسٹ ایڈ ورکشاپ

ریسکیو 1122 شانگلہ کے زیر اہتمام ضلع بھر کے سرکاری و نجی اداروں کے ملازمین کو ہنگامی حالات سے نمٹنے، ابتدائی طبی امداد اور فائر سیفٹی کے حوالے سے عملی تربیت فراہم کرنے کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ اسی سلسلے میں ریسکیو 1122 کے ٹریننگ ونگ کی جانب سے نادرا آفس الپوری، پورن، چوگا اور بشام کے ملازمین کیلئے ایک روزہ جامع تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 اور ڈائریکٹر نارتھ کی خصوصی ہدایات پر منعقدہ تربیتی سیشن ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر شانگلہ انجینئرملک شیردل خان کی زیر نگرانی ریسکیو ٹریننگ ونگ نے منعقد کیاجسمیں نادرا کے مختلف دفاتر میں فرائض انجام دینے والے ملازمین نے شرکت کی۔تربیتی ورکشاپ کے دوران شرکاء کو مختلف نوعیت کی ہنگامی صورتحال میں بروقت اور محفوظ طریقے سے اقدامات اٹھانے کے حوالے سے آگاہ کیا گیا جبکہ ایمرجنسی فرسٹ ایڈ، آگ لگنے کی صورت میں ابتدائی کارروائی، فائر سیفٹی کے بنیادی اصولوں اور ہنگامی حالات میں انسانی جانوں کے تحفظ کے طریقہ کار سے متعلق عملی تربیت فراہم کی گئی۔ریسکیو ٹریننگ ونگ کے اہلکاروں نے شرکاء کو آگ لگنے کے ممکنہ خطرات کی نشاندہی، آگ پر قابو پانے کیلئے ابتدائی اقدامات اور فائر ایمرجنسی کے دوران گھبراہٹ سے بچتے ہوئے محفوظ انداز میں عمارت خالی کرنے کے طریقہ کار سے بھی آگاہ کیا۔ اس موقع پر حساس مقامات سے محفوظ انخلاء کی عملی مشقیں بھی کروائی گئیں تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال میں ملازمین فوری، منظم اور محفوظ انداز میں عمارت سے باہر نکل سکیں۔تربیت کے دوران شرکاء کو اس امر کی اہمیت سے بھی آگاہ کیا گیا کہ کسی بھی ایمرجنسی میں ابتدائی چند منٹ انتہائی اہم ہوتے ہیں اور بروقت ابتدائی طبی امداد اور درست حفاظتی اقدامات سے قیمتی انسانی جانوں کو بچانے میں مدد مل سکتی ہے۔ ریسکیو اہلکاروں نے مختلف ہنگامی صورتحال کی فرضی مشقوں کے ذریعے شرکاء کو عملی طور پر تربیت دی اور ان کی استعداد کار میں اضافے پر زور دیا۔انجینئرملک شیردل خان نے کہا کہ سرکاری و نجی اداروں کے ملازمین کو ابتدائی طبی امداد اور فائر سیفٹی کی تربیت دینے کا مقصد اداروں میں ہنگامی حالات سے نمٹنے کی صلاحیت کو بہتر بنانا اور کسی بھی حادثے یا آفت کے دوران جانی و مالی نقصان کو کم سے کم کرنا ہے۔ ریسکیو 1122 شانگلہ کی جانب سے مختلف اداروں، تعلیمی مراکز اور کمیونٹیز میں تربیتی پروگراموں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر شانگلہ انجینئر ملک شیر دل خان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ، حادثے، آگ لگنے یا کسی دوسری ایمرجنسی کی صورت میں گھبرانے کے بجائے فوری طور پر ریسکیو 1122 سے رابطہ کریں۔ انھوں نے کہا کہ عوام کی بروقت اطلاع ریسکیو ٹیموں کو فوری کارروائی میں مدد دیتی ہے اور ریسکیو 1122 شانگلہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے ہر وقت تیار ہے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں کم سے کم ممکنہ وقت میں جائے حادثہ پر پہنچ کر متاثرین کو فوری طبی امداد اور ضروری ریسکیو سروسز فراہم کرنے کیلئے بھرپور کارروائی کرتی ہیں۔انھوں نے عوام پر زور دیا کہ ایمرجنسی کی صورت میں جائے حادثہ، حادثے کی نوعیت اور متاثرہ افراد کی تعداد سے متعلق درست معلومات فراہم کریں تاکہ ریسکیو ٹیمیں مناسب وسائل کے ساتھ بروقت اور مؤثر انداز میں کارروائی کر سکیں۔
____

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed