لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے تحت طلبہ و طالبات، بالخصوص خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے ای بائیکس اسکیم، اسکوٹی ٹریننگ اسکولز اور Gen-Z کاؤنٹرز قائم کردیئے گئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق طلبہ کی سہولت کیلئے لاہور میں پانچ ڈرائیونگ ٹریننگ اسکولز قائم کیے گئے ہیں، جبکہ چیف ٹریفک آفیسر لاہور کی ہدایت پر تمام لائسنس سینٹرز میں Gen-Z اسکوٹی کاؤنٹرز بھی فعال کردیئے گئے ہیں۔
اسکوٹی لائسنس حاصل کرنے کیلئے طلبہ و طالبات کو شناختی کارڈ یا فارم ب کے ساتھ اپنے گارڈین کے ہمراہ لائسنس سینٹر آنا ہوگا۔
اعداد و شمار کے مطابق اب تک ایک لاکھ 72 ہزار سے زائد موٹرسائیکل لائسنس جاری کیے جاچکے ہیں، جبکہ 6 ہزار 546 جووینائل پرمٹ بھی جاری ہوئے ہیں۔
لاہور میں آبشار ڈرائیونگ اسکول، لبرٹی خدمت مرکز اور گریٹر اقبال پارک میں اسکوٹی ٹریننگ کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ ٹریفک پولیس لائنز مناواں اور ایل او ایس فیروزپور روڈ پر بھی اسکوٹی ٹریننگ اسکول قائم کیے گئے ہیں۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق ایل او ایس فیروزپور روڈ پر خواتین کو مفت اسکوٹی چلانے کی تربیت دی جارہی ہے، جبکہ شہر بھر میں خواتین کیلئے خصوصی سہولیات بھی فراہم کی جارہی ہیں۔
سی ٹی او سید عبدالرحیم شیرازی کا کہنا ہے کہ لاہور ٹریفک پولیس کے ڈرائیونگ اسکولز سے ہزاروں خواتین بااعتماد ڈرائیور بن چکی ہیں اور انہیں خودمختار بنانے کا عمل جاری ہے۔
ان کے مطابق اسکوٹی اسکولز میں خواتین کو وویمن ٹو وویمن سروس فراہم کی جارہی ہے۔ شہر میں خواتین کیلئے اسکوٹی تربیت کے پانچ جبکہ گاڑی چلانے کی تربیت کیلئے 12 مراکز قائم کیے گئے ہیں۔
سی ٹی او نے کہا کہ خواتین کی خودمختاری سے معاشرے میں مثبت تبدیلی آئے گی، جبکہ سماجی اور معاشرتی ترقی میں خواتین کا کردار انتہائی اہم ہے۔







