وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین کو مفت الیکٹرک سکوٹیز فراہم کرنے کی اصولی منظوری دیتے ہوئے منصوبے کے فوری آغاز کے لیے متعلقہ حکام کو ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ مفت الیکٹرک سکوٹیز منصوبہ طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین کو بااختیار اور خودمختار بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین کو مفت الیکٹرک سکوٹیز کی فراہمی سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے منصوبے پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے اسٹیرنگ کمیٹی، ٹیکنیکل ورکنگ گروپ اور گریونس ریڈریسل کمیٹی کو فوری طور پر نوٹیفائی کرنے اور منصوبے کے لیے مکمل فنڈز کی فراہمی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے خواتین کی تعلیم اور روزگار تک محفوظ، آسان اور باوقار رسائی یقینی بنائی جا سکے گی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ماحول دوست الیکٹرک سکوٹیز منصوبہ فضائی آلودگی میں کمی لانے کے ساتھ ساتھ خواتین کی معاشی خودمختاری کو بھی فروغ دے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت قائد عمران خان کے وژن کے مطابق انسانوں پر سرمایہ کاری، خواتین کی ترقی، خوداعتمادی اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے عملی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے گی۔اجلاس کو منصوبے کے مختلف پہلوؤں پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں پشاور کی طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین کو صوبائی حکومت کی جانب سے مفت الیکٹرک سکوٹیز فراہم کی جائیں گی جبکہ مستحق طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین کا انتخاب کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے ذریعے کیا جائے گا۔شرکاء کو آگاہ کیا گیا کہ اگلے مرحلے میں اس منصوبے کو صوبے کے دیگر اضلاع تک توسیع دی جائے گی۔ معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ سمیع اللہ،وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری عامر سلطان ترین،سیکرٹری ٹرانسپورٹ محمد زبیراور محکمہ ٹرانسپورٹ کے دیگر اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔







