اونڈا خجی ، موسی زئی شریف اور درابن کلاں میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں 3افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص بال بال بچ گیا،الگ الگ مقدمات درج۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ کڑی خیسور میں علاقہ مانی خواہ کے رہائشی ابراہیم شیرانی ولد ظاہر خان نے قتل و اقدام قتل کی دفعات کے تحت رپورٹ درج کرائی ہے کہ میں موٹرکار میں مقتول دولت خان ولد نذیر احمد سکنہ نوشکی بلوچستان کے ساتھ اسلام آباد جارہا تھا کہ جب سی پیک نزد وانڈا خجی پہنچے تو سامنے سے ایک موٹرکار نامعلوم میں تین سے چار ملزمان مسلح بااسلحہ سوار تھے ہمیں روکا نہ رکنے پر ملزمان نے اپنے اپنے اسلحہ سے ہم پر بانیت قتل فائرنگ شروع کر دی، فائرنگ سے میں بچ گیا جبکہ دولت خان شدید زخمی ہو کر موقع پر جاں بحق ہوگیا، فائرنگ سے موٹرکار کا بھی نقصان ہوا،دوسرے واقعہ میں تھانہ چودھوان میں موسی زئی شریف کے رہائشی فضل الرحمن ولد شاہ جہان نے رپورٹ درج کرائی ہے کہ تین سے چار ملزمان مغرب کے وقت گھر کے دروازے پر آئے اور میرا بھائی شوکت خان جوچودھوان ہسپتال میں سرکاری ملازم ہے کو بلا کر اپنے ہمراہ لے گئے، بھائی کی کافی تلاش کی صبح اطلاع ملی کہ اراضی جنگلات مظہر خان تاجو خیل میں میرے بھائی شوکت خان کی قتل شدہ نعش پڑی ہے،جس کو اسلحہ آتشیں سے قتل کیاگیا تھاہماری کسی کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں ہے، تیسرے واقعہ میں تھانہ درابن کی حدود کارخانہ موڑ کے قریب درابن کلاں میں ملنگ کلیم اللہ ولد حاجی گل کو نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے قتل کردیا، تھانہ درابن میں مقتول کے چچازاد جھوک موہانہ چودھوان کے رہائشی نعمت اللہ نے رپورٹ درج کرائی ہے کہ ان کی کسی کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں ہے۔







