لنڈی ارباب کیلئے تاریخی اعزاز، شیخ نور خان کو فخرِ پختونخوا ایوارڈ سے نواز دیا گیا

پشاور کے تاریخی نشتر ہال میں گزشتہ روز منعقد ہونے والی فخر پختونخوا ایوارڈ شو 2026 کی پروقار تقریب میں لنڈی ارباب سے تعلق رکھنے والے معروف سماجی و فلاحی شخصیت اور النور امن فانڈیشن کے چیئرمین جناب شیخ نور خان کو عوامی فلاح و بہبود، انسانی خدمت اور مستحق افراد کی معاونت کے اعتراف میں فخرِ پختونخوا ایوارڈ سے نوازا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی سابق گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی تھے جنھوں نے شیخ نور خان کو یہ اعزاز پیش کیا۔ اس موقع پر مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات، سماجی کارکنوں اور معززین نے شرکت کی۔ شیخ نور خان گزشتہ عرصے سے دکھی انسانیت کی خدمت اور معاشرے کے محروم و مستحق طبقات کی معاونت کے لئے سرگرم عمل ہیں۔ ان کی سربراہی میں النور امن فانڈیشن نہ صرف فلاحی سرگرمیوں کو فروغ دے رہی ہے بلکہ ضرورت مند مریضوں کے لیے خون کی فراہمی، خون کے عطیات کے کیمپوں کے انعقاد، مستحق افراد کی طبی معاونت، تھیلیسیمیا کے مرض میں مبتلا بچوں کی مدد، منشیات کے تدارک کے لئے آگاہی اور معاشرے میں امن و بھائی چارے کے فروغ سمیت مختلف شعبوں میں خدمات انجام دے رہی ہے۔ شیخ نور خان کی سماجی سوچ کا بنیادی محور یہ ہے کہ فلاحی کام محض وقتی امداد تک محدود نہ ہوں بلکہ معاشرے کے ضرورت مند افراد کو مستقل سہارا فراہم کرنے کی کوشش کی جائے۔ اسی مقصد کے تحت وہ اپنی ٹیم کے ہمراہ مختلف فلاحی منصوبوں اور عوامی خدمت کے اقدامات کو آگے بڑھانے کے لیے کوشاں ہیں۔ ایوارڈ وصول کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ نور خان نے کہا کہ یہ اعزاز دراصل اللہ تعالی کا فضل و کرم اور النور امن فانڈیشن کے عہدیداران، کارکنان اور پوری ٹیم کی مشترکہ محنت کا نتیجہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ فلاحی سفر کسی ایک شخص کی کاوش نہیں بلکہ ایک اجتماعی ذمہ داری ہے اور وہ آئندہ بھی اپنی ٹیم کے ساتھ مل کر عوامی خدمت کا سلسلہ مزید وسعت دینے کا عزم رکھتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ان شا اللہ مستقبل میں بڑے فلاحی منصوبوں پر کام شروع کیا جائے گا اور اپنی استطاعت کے مطابق غریب، نادار اور مستحق افراد کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔ فخرِ پختونخوا ایوارڈ کا یہ اعزاز نہ صرف شیخ نور خان کی فلاحی خدمات کا اعتراف ہے بلکہ لنڈی ارباب کے لیے بھی باعثِ فخر ہے کہ اس علاقے سے تعلق رکھنے والی ایک سماجی شخصیت نے اپنی خدمتِ خلق کے ذریعے صوبے کی سطح پر نمایاں مقام حاصل کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed