عدنان بشیر
سندھ پولیس کے زیرِ تربیت 33 ڈی ایس پیز نے ایس ایس پی اورنگزیب کی سربراہی میں سیف سٹی پشاور کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا مطالعاتی دورہ کیا، جہاں انہیں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے جرائم کی روک تھام، نگرانی اور مؤثر پولیسنگ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی
پراجیکٹ ڈائریکٹر سیف سٹیز خیبر پختونخوا، ڈی آئی جی اعجاز احمد نے زیرِ تربیت افسران کو سیف سٹی پراجیکٹ کی افادیت، اغراض و مقاصد اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے پولیسنگ کو مزید مؤثر بنانے کے طریقۂ کار سے آگاہ کیا
ڈی آئی جی اعجاز احمد نے بتایا کہ سیف سٹی کا مربوط نظام جرائم کی روک تھام کے ساتھ ساتھ مختلف واقعات کی بروقت نشاندہی، نگرانی، پولیس رسپانس اور تفتیش میں بھی اہم تکنیکی معاونت فراہم کر رہا ہے۔ جدید سرویلنس کیمروں، فیشل ریکگنیشن، آٹومیٹک نمبر پلیٹ ریکگنیشن (ANPR) اور تھرمل کیمروں سمیت مختلف جدید سسٹمز کے ذریعے پولیس کو صورتحال کی بروقت مانیٹرنگ اور جرائم پیشہ عناصر کی نشاندہی میں مدد مل رہی ہے۔

مطالعاتی دورے کے دوران زیرِ تربیت ڈی ایس پیز نے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مختلف سیکشنز کا دورہ کیا اور سیف سٹی کے جدید مانیٹرنگ و نگرانی کے نظام کا عملی مشاہدہ کیا۔ افسران کو اہم شاہراہوں، حساس مقامات اور شہر کے مختلف علاقوں کی جدید کیمروں کے ذریعے 24 گھنٹے نگرانی، فیلڈ پولیس کے ساتھ رابطے اور متعلقہ پولیس یونٹس کو بروقت معلومات کی فراہمی کے طریقۂ کار سے بھی آگاہ کیا گیا
ڈی آئی جی اعجاز احمد نے شرکاء کو بتایا کہ جدید کیمروں اور ڈیجیٹل سسٹمز سے حاصل ہونے والی معلومات جرائم کے واقعات کے تجزیے، مشتبہ افراد اور گاڑیوں کی نشاندہی اور مختلف واقعات کی تفتیش میں پولیس کے لیے معاون ثابت ہو رہی ہیں۔ انہوں نے سیف سٹی پشاور کے ذریعے حاصل ہونے والی کامیابیوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں میں جدید ٹیکنالوجی کے عملی استعمال سے بھی زیرِ تربیت افسران کو آگاہ کیا
شرکاء کو خیبر پختونخوا کے دیگر اضلاع میں سیف سٹی منصوبوں کے قیام، منصوبے کے توسیعی دائرۂ کار اور جدید ٹیکنالوجی کو ضلعی سطح پر پولیسنگ کے نظام کا حصہ بنانے کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی
سندھ پولیس کے زیرِ تربیت ڈی ایس پیز نے سیف سٹی پشاور کے جدید ٹیکنالوجی پر مبنی مربوط مانیٹرنگ نظام اور جرائم کی روک تھام و تفتیش میں اس کے کردار کو سراہا
دورے کے اختتام پر پراجیکٹ ڈائریکٹر سیف سٹیز ڈی آئی جی اعجاز احمد نے زیرِ تربیت افسران کو یادگاری شیلڈز پیش کیں اور نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ سیف سٹی پشاور کے مطالعاتی دورے سے حاصل ہونے والی آگاہی ان کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں اور جدید پولیسنگ کے تقاضوں کو سمجھنے میں معاون ثابت ہوگی







