ممتاز کالم نگار، محقق، مصنف اور سماجی شخصیت ضیا الحق سرحدی کو قومی اعزاز ستارہ امتیاز ملنے پر خیبر پختونخوا کے تمام معروف کالم نگاروں کا اظہارِ مسرت، مبارکباد، پھولوں کی پتیاں نچھاور، حکومتِ پاکستان کے اس احسن اقدام پر خراجِ تحسین، تفصیلات کے مطابق اباسین کالم رائیٹرز ایسوسی ایشن (رجسٹرڈ)کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں خیبر پختونخوا بھر کے معروف کالم نگاروں نے بالعموم اور پشاور کے جملہ لکھاریوں نے بالخصوص بھرپور شرکت کی۔شرکا مجلس نے اباسین کالم رائیٹرز ایسوسی ایشن کے صدر، ممتاز کالم نگار، محقق اورتصوف سمیت کئی شعبوں میں شہرہ آفاق تصانیف کے مصنف اور جانی مانی سماجی و کاروباری شخصیت ضیا الحق سرحدی کو حالیہ دنوں قومی اعزاز ستارہ امتیاز ملنے پر ان کا پرجوش خیر مقدم کیا، تمام کالم نگاروں نے انہیں پھولوں کے ہار پہنائے، پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور بے حد مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اسے تمام منجھے ہوئے لکھاریوں کا اعزاز قرار دیا۔اجلاس جس کی صدارت ایکوا کے صدر ضیا الحق سرحدی نے کی جبکہ ایکوا کے عہدیداروں سینئر نائب صدر نیئرسرحدی، جنرل سیکرٹری عابد اختر حسن ، سیکرٹری فنانس وسیم شاہد، جائنٹ نائب صدر شعبہ خواتین ڈاکٹرشاہین عمر،جائنٹ سیکرٹری ثمینہ قادر ، پریس سیکرٹری یاسین ظہور، لیگل ایڈوائزر صاحبزادہ طلحہ سعید اور آرگنائزر منور شاہ منورسمیت ایکوا کے تمام عہدیداران و ارکان نے بھرپور شرکت کی۔شرکا مجلس نے اپنے خطاب میں کہا کہ اگر دیکھا جائے تو ملک و قوم کا کالم نگار صحافت کے شعبہ میں ریڑھ کی ہڈی کی سی حیثیت رکھتا ہے کیونکہ ایک ورکنگ جرنلسٹ حالات و واقعات کے مطابق فی الفور مگر مختصر خبر عوام و خواص تک پہنچانے کا ذمہ دار ہوتا ہے مگر خبر پر تبصرہ، تجزیہ اور اس خبر کے معاشرہ پر پڑنے والے اثرات کا تجزیہ ایک اچھا کالم نگار اور قلمکار ہی کر سکتا ہے، اس لیے ایک ورکنگ جرنلسٹ اور کالم نگار کا آپس میں چولی دامن کا ساتھ ہوتا ہے۔شرکا نے واضح کیا کہ ایک کالم نگار ہی عوامی مسائل کی نشاندہی، ان کے حل اور حکومتی ردِعمل کے حوالہ سے عوام اور حکومت کے درمیان مضبوط پل کا کردار ادا کرتا ہے۔ ایکوا کی تعمیر و ترقی اور اسے مزید فعال اور متحرک بنانے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔ اس حوالہ سے ایکوا کا ایک اہم ترین وفد ضیا الحق سرحدی(ستارہ امتیاز)کی قیادت میں جلد وزیراعلی خیبر پختونخوا اور چیف سیکرٹری سمیت حکومت کے اعلی عہدیداروں سے ملاقات کرے گا۔شرکا اجلاس نے نئی پرنسپل انفارمیشن آفیسر (پی آئی او)محترمہ رئیسہ عادل کو اس نئے عہدہ کو سنبھالنے پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ محترمہ رئیسہ عادل اس سے قبل وزارت اطلاعات و نشریات کے مختلف اہم پورٹ فولیوز پر انتہائی احسن خدمات انجام دے چکی ہیں، وہ صحافی برادری اور کالم نگاروں کے جائز اور بنیادی مسائل کے حل میں ضرور اپنی مساعی جمیلہ جاری رکھیں گی اور صحافت کے ان عظیم کارکنوں، تبصرہ نگاروں ، تجزیہ کاروں اور حکومت کے درمیان ایک مضبوط پل اور فعال ذریعہ ثابت ہوں گی۔شرکا نے اس بات پر بھی زور دیا کہ موجودہ عالمی حالات کے تناظر میں ملک و قوم کو کئی چیلنجز کا سامنا ہے دہشت گردی سمیت کئی سنگین مسائل درپیش ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ قومی یکجہتی، اتحاد و یگانگت، تعمیری سوچ اور فکر، قیامِ امن کے لیے مثبت کوششوں اور حب الوطنی سے سرشار قومی سوچ ابھارنے کے لیے اس وقت محب وطن، تعمیری سوچ کے مالک، دردمند اور مثبت رویوں کے حامل کالم نگاروں اور لکھاریوں سے ان کی اعلی وارفع خدمات لینے کی اشد ضرورت ہے تاکہ عدم برداشت اور دیگر تند و تیز رویوں میں مثبت بدلا لایا جا سکے۔اجلاس میں پاک مسلح افواج کی بلند پایہ خدمات اور سپہ سالارِ وقت فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے مثالی کردار پر انہیں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے میثاقِ مکہ کو وقت کا عظیم ترین سہ ملکی دفاعی معاہدہ قرار دیا گیا۔ ایکوا کے صدر ضیا الحق سرحدی (ستارہ امتیاز)نے کہا کہ ایک اچھے لکھاری کا ہاتھ قوم کی نبض پر ہوتا ہے، وہ قوم کے بعض طبقات میں پائے جانے والے امراض کی تشخیص بھی کرتا ہے اور ان سیاسی، معاشرتی، معاشی اور سماجی بیماریوں کا مثر علاج بھی بتاتا ہے، ہمارا نصب العین ہے کہ ہم پر ورش لوح و قلم کرتے رہیں گے۔







