خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے الزام عائد کیا ہے کہ وفاقی حکومت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہسپتال منتقلی سے متعلق عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی ہے۔شفیع جان نے کہا کہ عمران خان کو شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے بجائے پمز ہسپتال منتقل کرنا وفاقی حکومت کی مبینہ بزدلی، ہٹ دھرمی اور خوف کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے عمران خان کی ہسپتال منتقلی اور انہیں 16 ستمبر تک ہسپتال میں رکھنے سے متعلق واضح احکامات موجود تھے، اس کے باوجود ان پر عمل نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے مبینہ غیر قانونی طرز عمل اور عدالتی احکامات کی خلاف ورزی پر توہین عدالت کی کارروائی کے لیے درخواست دائر کی جائے گی۔شفیع جان نے الزام عائد کیا کہ وفاقی حکومت عمران خان کی صحت سے کھیل رہی ہے اور اسے محض غفلت قرار نہیں دیا جاسکتا۔خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات کے دفتر کے مطابق شفیع جان نے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے اس مقف کو بھی مسترد کیا کہ ہسپتال کے باہر پی ٹی آئی کارکن موجود تھے۔شفیع جان نے الزام عائد کیا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت کے معاملے پر وفاقی وزرا پہلے دن سے قوم کو گمراہ کر رہے ہیں، آئین اور قانون کی بالادستی کے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان کی ہدایات کے مطابق وزیراعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی قیادت میں سٹریٹ موومنٹ جاری ہے۔ان کے مطابق وزیراعلی ہفتہ اور اتوار کو ہنگو اور بونیر کا دورہ کریں گے، جبکہ 27 ستمبر کے اسلام آباد لانگ مارچ کی تیاریاں بھی جاری ہیں۔شفیع جان نے کہا کہ وزیراعلی سہیل آفریدی سٹریٹ موومنٹ کے سلسلے میں ملک کے مختلف حصوں کے دورے کریں گے اور آنے والے دنوں میں اس سرگرمی میں مزید تیزی آئے گی






