امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ اگر حکومت لیوی کے معاملے پر پیچھے نہیں ہٹتی تو ہم آگے بڑھیں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم نے کہا کہ حکومت کا پورا نظام عوام کو ڈیلیور نہیں کررہا، نظام کی ناکامی کی وجہ سے پاکستان کو آئی ایم ایف کی شرائط ماننا پڑتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ لیوی کی صورت میں جگاٹیکس لیا جارہا ہے، لیوی لگانے کا مقصد پیٹرولیم مصنوعات کی لاگت کم کرنا تھا، اگر حکومت لیوی کے معاملے پر پیچھے نہیں ہٹتی تو جماعت اسلامی آگے بڑھے گی۔حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز ڈیزل کی قیمت میں 30 روپے کمی کی گئی حالانکہ یہ کمی 130 روپے تک بنتی ہے، لیوی ختم کردی جائے تو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 200 سے 250 روپے تک آسکتی ہیں۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ آئی پی پیز سے بھی بات کی جائے تو بجلی کی قیمت میں 30 فیصد تک کمی ہوسکتی ہے، ملک میں لوڈشیڈنگ جاری ہے لیکن اس کے باوجود کیپسٹی پیمنٹس لی جارہی ہیں۔حافظ نعیم نے دعوی کیا کہ حکومت نے ہم سے مذاکرات سے متعلق بات کی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان سے متعلق سپریم کورٹ کا فیصلہ پہلےآنا چاہیے تھا، بانی پی ٹی آئی سمیت سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جانا چاہیے۔







