صوبائی وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا شفیع جان نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف وفاقی حکومت کی جانب سے دائر نظرثانی اپیل پر ردعمل دیتے ہوئے اسے عمران خان کو طبی سہولیات کی فراہمی میں تاخیری حربہ قرار دیا ہے۔ شفیع جان نے کہا کہ عمران خان کو طبی علاج کی فراہمی ان کا آئینی، قانونی اور بنیادی حق ہے اور اس حق کے حصول میں جو بھی رکاوٹ بنے گا، اسے اس کا حساب دینا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر وفاقی حکومت کو منفی سیاست سے گریز کرنا چاہیے اور سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد میں کسی قسم کی تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔شفیع جان کے مطابق عمران خان کی ہسپتال منتقلی کے لیے پاکستان تحریک انصاف نے قانونی راستہ اختیار کیا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ آئین اور قانون کی بالادستی کو یقینی بناتے ہوئے عمران خان کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا جائے تاکہ انہیں ضروری طبی سہولیات اور علاج فراہم کیا جاسکے۔صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان کے علاج کے حق میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ قابل قبول نہیں ہونی چاہیے اور متعلقہ اداروں کو عدالتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانا چاہیے۔







