صوبائی حکومت نے سکول لیڈرز کو ختم کر کے اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز کے عہدوں پرضم کرنے کا فیصلہ کیا ہے صوبے بھر میں اے ایس ڈی اوز کی پوسٹوں پر ان کی تعیناتی کا عمل شروع کیا جارہا ہے جبکہ محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا کی جانب سے کنٹریکٹ پر بھرتی کیے گئے سکول لیڈرز کو اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز (اے ایس ڈی اوز) کی پوسٹوں پر ضم کرنے کے مبینہ فیصلے کے خلاف منیجمنٹ کیڈر آفیسر ایسوسی ایشن نے پشاور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ محکمہ تعلیم نے 2022 میں خیبر پختونخوا کے 28 اضلاع میں ایٹا ٹیسٹ کے ذریعے سکول لیڈرز بھرتی کیے تھے۔ ان کی ذمہ داری تحصیل اور ضلعی سطح پر تعلیمی امور کی نگرانی اور سرکاری سکولوں کی کارکردگی بہتر بنانا تھی۔مظاہرین کے مطابق سکول لیڈرز کا کنٹریکٹ دسمبر 2025 میں ختم ہوگیا تھا، تاہم بعد ازاں اس میں توسیع کردی گئی۔ اب محکمہ تعلیم کی جانب سے عارضی بنیادوں پر بھرتی کیے گئے سکول لیڈرز کو منیجمنٹ کیڈر میں اے ایس ڈی اوز کی پوسٹوں پر ضم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔اے ایس ڈی اوز کی تمام خالی آسامیوں کو باقاعدہ مشتہر کرکے خیبر پختونخوا پبلک سروس کمیشن کے ذریعے میرٹ پر بھرتی کی جائے۔ان کا کہنا تھا کہ اے ایس ڈی او کی پوسٹ پر تقرری باقاعدہ امتحان اور مسابقتی عمل کے ذریعے ہوتی ہے، اس لیے سکول لیڈرز کو براہِ راست ان عہدوں پر ضم کرنا نوجوانوں کے ساتھ ناانصافی ہوگی







