یمن میں حوثی گروہ انصار اللہ نے ایک بار پھر سعودی عرب کے علاقے جازان میں آرامکو کی تیل کی تنصیبات پر ڈرون حملے کرنے کا دعوی کیا ہے۔حوثیوں کے زیرِ انتظام خبر رساں ادارے سبا نیوز ایجنسی کے مطابق یہ حملہ فضائی حدود کی خلاف ورزی کے جواب میں کیا گیا ہے۔خبر ایجنسی نے ایک فوجی ذریعے کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ حوثیوں نے یمن کے صوبوں صعدہ اور حجہ کی فضائی حدود کی مبینہ خلاف ورزی کے ردِعمل میں جازان میں واقع آرامکو کی تنصیبات کو متعدد ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا۔ایران کے اتحادی حوثی گروہ نے سعودی عرب کی بحری ناکہ بندی کے جواب میں جوابی بحری ناکہ بندی کا اعلان کر رکھا ہے اور وہ بحیر احمر میں سعودی تیل بردار جہازوں کے علاوہ یمنی حکومتی افواج کو بھی نشانہ بنا چکے ہیں۔حوثیوں نے اس سے قبل بھی متعدد بار سعودی عرب کے تیل کے بنیادی ڈھانچے اور ہوائی اڈوں پر حملے کیے ہیں۔







