جولائی 2026کے دوران کئی اہم غیر غذائی اشیا کی تھوک قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی، جن میں فرنس آئل، پٹرول، ڈیزل، بجلی اور سیمنٹ نمایاں ہیں۔ پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس کی قیمتوں کے اشاریوں سے متعلق ماہانہ جائزہ رپورٹ کے مطابق ان کمیوں کے باعث غیر غذائی اشیا کی قیمتوں پر دبا محدود رہا۔تھوک قیمتوں کے مجموعی اشاریے میں 22.40 فیصد وزن رکھنے والے دیگر قابل نقل و حمل اشیا کے گروپ کی قیمتوں میں جون کے مقابلے میں 5.71 فیصد کمی ہوئی۔اس گروپ کا اشاریہ جون میں 437.28 کے مقابلے میں جولائی میں کم ہوکر 412.30 رہ گیا۔ اس کمی کے نتیجے میں مجموعی تھوک قیمتوں کے اشاریے میں ماہانہ تبدیلی 1.63 فیصد پوائنٹس تک کم ہوئی۔رپورٹ کے مطابق فرنس آئل کی قیمت میں سب سے زیادہ 15.79 فیصد ماہانہ کمی ہوئی، جبکہ پٹرول کی قیمت 10.07 فیصد کم ہوئی۔ آئل کیکس کی قیمت میں 5.23 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ ڈیزل 3.40 فیصد سستا ہوا۔تاہم ماہانہ بنیاد پر کمی کے باوجود دیگر قابل نقل و حمل اشیا کے گروپ کی قیمتیں جولائی 2025 کے مقابلے میں اب بھی 20.44 فیصد زیادہ رہیں۔ اس گروپ نے مجموعی تھوک قیمتوں کے سالانہ اضافے میں 4.99 فیصد پوائنٹس کا حصہ ڈالا۔کان کنی کی مصنوعات، معدنیات، بجلی، گیس اور پانی کے گروپ کی قیمتوں میں بھی جولائی کے دوران کمی ہوئی۔ اس گروپ کا اشاریہ جون کے 361.09 سے 0.91 فیصد کم ہوکر جولائی میں 357.79 پر آگیا۔یہ گروپ جولائی 2025 کے مقابلے میں 0.39 فیصد کم رہا۔ بجلی کی قیمتوں میں ماہانہ بنیاد پر 2.52 فیصد کمی ہوئی، جبکہ مائع قدرتی گیس کی قیمت 0.30 فیصد کم ہوگئی۔تعمیراتی شعبے کیلئے بھی جولائی میں کچھ ریلیف سامنے آیا، جب تھوک سطح پر سیمنٹ کی قیمتوں میں 2.19 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جس سے تعمیراتی اخراجات پر دبا کم ہونے میں مدد ملی۔اس کے برعکس دھاتی مصنوعات، مشینری اور آلات کے گروپ کی قیمتوں میں معمولی 0.62 فیصد اضافہ ہوا۔ اس گروپ کا اشاریہ جون کے 411.58 سے بڑھ کر جولائی میں 414.13 ہوگیا، جبکہ یہ گزشتہ سال جولائی کے مقابلے میں 6.19 فیصد زیادہ رہا۔رپورٹ کے مطابق پٹرولیم مصنوعات، بجلی، معدنیات اور سیمنٹ کی قیمتوں میں کمی نے مالی سال 2026-27 کے آغاز پر غیر غذائی اشیا کی تھوک قیمتوں میں اضافے کے دبائو کو محدود رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔







