آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز اتحاد سے اسلام آباد میں جاری دو روز سے ہونے والے مذاکرات میں طے پانے والے فیصلوں کو حتمی شکل دے دی گئی ، وزیر اعظم کی طرف سے قائم کر دہ کمیٹی کے کنوینر اور وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی صدارت میں ہونے والے مذاکراتی سیشن میں کسٹم حکام اور گڈز ٹرانسپورٹرزکے مابین مشترکہ مانیٹرنگ کمیٹی کے قیام کا فیصلہ ہوا اور کسٹم حکام کے بارے میں ٹرانسپورٹرز کو درپیش مسائل کے حل کے لئے شارٹ اور لانگ ٹرم امور پر مشاورت کی گئی۔اجلاس میں ویڈیو لنک پر شریک وفاقی وزیر میری ٹائم افئیرز جنید انوار نے ٹرانسپورٹرز کو اپنی وزارت سے متعلقہ اہم امور پر فوری اور بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے گڈز ٹرانسپورٹرز کی "ویٹ سٹیشن”کے بارے میں شکایات جلد دور کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام موٹرویز پر سٹیٹ آف دی آرٹ اور کم ہیومن ریسورس والے ویٹ سٹیشن بنیں گے ۔آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز کے وفد نے مذاکراتی امور احسن انداز میں نمٹانے پر وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کو خراج تحسین پیش کیا ۔اجلاس میں وفاقی وزیر مواصلات کی ہدایت پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے سینئر حکام نے بھی گڈز ٹرانسپورٹرز کی دی ہوئی تجاویز پر سفارشات پیش کیں جبکہ پورٹ اینڈ شپنگ اور کراچی پورٹ ٹرسٹ کے حکام کی طرف سے بھی متعلقہ امور پر بریفنگ دی گئی ۔ اجلاس میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور موٹروے پولیس سمیت مختلف امور پر تجاویز پیش کی گئیں اور ٹرانسپورٹرز کی طرف سے ایکسل لوڈ کے مسئلے پر وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی پالیسی کی مکمل طور پر حمائیت کا اعلان کرتے ہوئے کہا گیا کہ اس مسئلے کو یونیفارم پالیسی کے تحت بنیاد سے ہی کنٹرول ہونا چاہیے ۔5گھنٹے طویل جاری رہنے والے اس اجلاس میں وزارت پٹرولیم کے سینئر حکام سے بھی گڈز ٹرانسپورٹرز کی تفصیلی بات چیت ہوئی ۔ آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز الائنس کے وفدسے ہونے والے اس خصوصی مشاورتی اجلاس میں وفاقی سیکرٹری مواصلات ، چیئرمین این ایچ اے، آئی جی موٹرویز پولیس اور متعلقہ محکموں کے سینئر افسران نے شرکت کی جبکہ گڈز ٹرانسپورٹرز کی طر ف سے ملک شہزاد اعوان ، ناصر جعفری ، اویس چوہدری ، قمر الزمان ، بختاور خان ، شبر ملک اور دیگر عہدیداران نے اظہار خیال کیا ۔







