پاکستان سے گدھے کی مصنوعات کی پہلی کمرشل کھیپ چین کے صوبہ گوانگ ڈونگ پہنچ گئی، جہاں اس نے کسٹمز کلیئرنس کا مرحلہ مکمل کر لیا۔پاکستانی مشن گوانگ ڑو کے ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ قونصلر محمد عمران نے چائنا اکنامک نیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی طویل عرصے سے جاری رابطہ کاری اور تعاون کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فروری 2026 میں چینی درآمد کنندہ کمپنی بلو نیچرل فوڈ ایچ کے نے گدھے کے گوشت اور کھال کی خریداری کے لیے پاکستانی مشن سے رابطہ کیا تھا اور اپنی دلچسپی کا خط پیش کیا تھا۔محمد عمران کے مطابق2 فروری 2026 کو کمپنی کی جانب سے پاکستان سے گدھے کے گوشت اور کھال کی درآمد سے متعلق ضروریات پر مشتمل خط موصول ہونے کے بعد مشن نے فوری طور پر ٹریڈ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) کے ایگرو اینڈ فوڈ ڈویژن کے ساتھ رابطہ کیا، تاکہ اس منصوبے کے لیے لائسنس یافتہ پاکستانی برآمد کنندہ ہان گینگ ٹریڈ پرائیویٹ لمیٹڈ کی شناخت کی جا سکے۔انہوں نے بتایا کہ 26 فروری 2026 کو آن لائن باضابطہ دوطرفہ مذاکرات کا انعقاد کیا گیا، جس میں TDAP حکام، پاکستان کے اینیمل قرنطینہ ڈیپارٹمنٹ اور دونوں کمپنیوں کے اعلیٰ نمائندوں نے شرکت کی۔ مذاکرات میں تجارتی اور ضابطہ جاتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ مارچ سے مئی 2026 تک خصوصی وی چیٹ رابطہ گروپ کے ذریعے مسلسل رابطہ کاری جاری رہی، جس کے نتیجے میں دونوں کمپنیوں نے شپنگ اخراجات، ادائیگی کے طریقہ کار اور سپلائر کی تصدیق سے متعلق معاملات کو حتمی شکل دی۔چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق محمد عمران نے کہا کہ ان کوششوں کے نتیجے میں گدھے کی کھال کی بڑی مقدار میں فروخت کے لیے ایک باقاعدہ معاہدہ طے پایا، جس کی مالیت تقریباً 3 لاکھ 68 ہزار 200 ڈالرہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ دونوں کمپنیاں مستقبل میں منجمد گدھے کے گوشت کی مزید برآمدات کے ذریعے تعاون بڑھانے کے لیے بھی پرعزم ہیں۔شپمنٹ سرٹیفکیشن کے مطابق منجمد بغیر ہڈی والے گدھے کے اگلے ٹانگ کے گوشت پر مشتمل یہ کھیپ بلوچستان کے گوادر سے برآمد کی گئی۔ 25 کلوگرام کارٹنوں میں پیک اس کھیپ کو منفی 18 ڈگری سینٹی گریڈ یا اس سے کم درجہ حرارت پر منجمد رکھا گیا، جبکہ اس کی شیلف لائف 24 ماہ ہے۔پاکستان کے اینیمل قرنطینہ ڈیپارٹمنٹ (AQD) کی جانب سے جاری کردہ سرکاری سرٹیفکیٹ نے تصدیق کی کہ برآمد سے قبل اس کھیپ نے تمام معیاری معائنہ جات مکمل کیے۔ محمد عمران نے کہا کہ پاکستانی مشن، ٹیڈاپ (TDAP) کے قریبی تعاون سے، چینی مارکیٹ میں پاکستان کے گدھے کے گوشت، کھال اور دیگر ضمنی مصنوعات کی برآمدات کے فروغ کے لیے کام جاری رکھے گا۔ انہوں نے اس شعبے کو پاکستان اور چین کے درمیان زرعی تجارت میں ترقی کے ایک نئے موقع کے طور پر قرار دیا۔واضح رہے کہ چین کے جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹمز (GACC) کے تجارتی اعداد و شمار کے مطابق، 2026 کے پہلے چھ ماہ کے دوران چین کے پانچ اہم جنوبی صوبوں اور علاقوں گوانگ ڈونگ، فوجیان، گوانگ شی، ہونان اور ہائی نان کے لیے پاکستان کی برآمدات 549.15 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں، جو 2025 کے اسی عرصے کے 416.19 ملین ڈالر کے مقابلے میں 31.9 فیصد اضافہ ہے۔







