شہدائے پولیس قوم کے محسن، قربانیاں امن کی بنیاد ہیں، فخر عالم خلیل

مظلوم اولسی تحریک پاکستان کے بانی چیئرمین حاجی صادق خان ادوزئی کی خصوصی ہدایت پر صوبائی رہنما اور تھانہ ناصر باغ کی پبلک لیزان کمیٹی کے رکن فخر عالم خلیل کے زیرِ اہتمام سفید سنگ کندے نورگڑھ میں یومِ شہدائے پولیس کے حوالے سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں خیبرپختونخوا پولیس کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا جبکہ پولیس کے غازیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے ان کی خدمات کو بھی سراہا گیا۔ اس موقع پر تھانہ ناصر باغ کے پی ایل سی ممبران عامر اللہ خلیل اور فرحان خلیل بھی موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فخر عالم خلیل نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کے شہدا نے امن، قانون کی بالادستی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ان کی قربانیاں تاریخ کا روشن باب ہیں۔ پولیس کے جوانوں نے مشکل ترین حالات میں بھی اپنے فرائض سے پیچھے ہٹنے کے بجائے بہادری اور عزم کے ساتھ دہشت گردی اور بدامنی کا مقابلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں صرف پولیس کے لیے نہیں بلکہ پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ قوم اپنے ان بہادر سپوتوں اور ان کے خاندانوں کو قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔فخر عالم خلیل نے علاقے میں دیرپا امن و امان کے قیام کے لیے عوام سے متحد ہونے اور پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ امن ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ عوام متحد ہو کر امن دشمن عناصر کا راستہ روکنے اور اپنے علاقے کو محفوظ بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔انہوں نے پولیس کے غازیوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جن اہلکاروں نے اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر فرائض انجام دیے اور زخمی یا معذور ہوئے، ان کی خدمات بھی قابلِ فخر ہیں۔ انہوں نے شہدا کے اہلِ خانہ کو بھی سلام پیش کیا جنہوں نے اپنے پیاروں کی جدائی کا دکھ برداشت کرتے ہوئے قوم کے امن کے لیے عظیم قربانی دی۔تقریب کے شرکا نے بھی پولیس شہدا کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے درجاتِ بلندی کے لیے خصوصی دعا کی۔ سفید سنگ کندے نورگڑھ محلہ ترکانان کے رہائشی خطاب خان اور ان کے خاندان، علاقے کے ناظم ابرار خان سمیت دیگر معززین نے تقریب میں شرکت کی اور شہدائے پولیس کی قربانیوں کو سلام پیش کیا۔آخر میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ علاقے میں امن، بھائی چارے، قانون کی بالادستی اور عوام کے تحفظ کے لیے اجتماعی طور پر اپنا کردار ادا کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed