خیبر پختونخوا کے ضلع صوابی کے قریب مجوزہ سی پیک سٹی سے ملحقہ علاقوں میں آبپاشی کی سہولتیں بڑھانے کے لیے ایک بڑے منصوبے پر کام کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ سرکاری دستاویزات کے مطابق اس منصوبے کے تحت 10 ہزار 930 ایکڑ سے زائد رقبے پر آبپاشی اور زرعی کمانڈ ایریا کا نظام ترتیب دیا جائے گا۔ویلتھ پاکستان کو دستیاب دستاویزات کے مطابق پہور ہائی لیول کینال ایکسٹینشن پی ایچ ایل سی ای منصوبہ اضافی رقبہ (لاٹ)4 ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے مکمل کیا جا رہا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد مجوزہ سی پیک سٹی کے گرد و نواح میں واقع اہم زرعی علاقوں میں آبپاشی کا نظام اور زرعی کمانڈ ایریا انفراسٹرکچر بہتر بنانا ہے۔دستاویزات کے مطابق لاٹ-4 تین بڑے حصوں پر مشتمل ہے، جن میں انڈس امبر اضافی کمانڈ ایریا (3,234 ہیکٹر)، انڈس امبر جدید آبپاشی اور پائپ لائن نیٹ ورک کا علاقہ (464 ہیکٹر)اور نندرک علاقہ (726 ہیکٹر) شامل ہیں۔دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ منصوبے کا ایک حصہ ایم-1 موٹروے کے جنوب اور انڈس برانچ کینال کے مغرب میں واقع ہے جبکہ اس کی مغربی حد مجوزہ سی پیک سٹی سے ملتی ہے۔ اس علاقے میں آبپاشی کے مکمل نظام اور زرعی کمانڈ ایریا کی ترقی کی تجویز دی گئی ہے۔منصوبے کا ایک اور حصہ نندرک کا علاقہ ہے جو مجوزہ سی پیک سٹی کے جنوب اور دریائے کابل کے شمال میں واقع ہے۔ دستاویز کے مطابق اس علاقے کے بعض حصوں کو پہلے ہی جہانگیرہ اور نندرک مائنرز کے ذریعے انڈس برانچ کینال کے آخری حصے سے آبپاشی کی سہولت حاصل ہے تاہم منصوبے کے تحت موجودہ نہری نظام کی بحالی اور مضبوطی کی جائے گی تاکہ زرعی پیداوار میں زیادہ سے زیادہ اضافہ ممکن ہو سکے۔منصوبے کا سب سے بڑا حصہ انڈس امبر اضافی کمانڈ ایریا ہے جو لاٹ-3 سے متصل واقع ہے۔ اس کا تقریبا نصف رقبہ میرا برانچ اور ایم-1 موٹروے کے درمیان ہے جبکہ باقی حصہ موٹروے کے جنوب میں انڈس برانچ کینال کے دونوں کناروں پر واقع ہے۔ منصوبے میں اس پورے علاقے میں آبپاشی اور زرعی کمانڈ ایریا کے بنیادی ڈھانچے کی مکمل ترقی کی سفارش کی گئی ہے۔دستاویزات کے مطابق مجوزہ منصوبے کا مقصد پانی کی تقسیم کے نظام کو زیادہ مثر بنانا، زیرِ کاشت رقبہ بڑھانا اور مجوزہ سی پیک سٹی کے باعث تیزی سے ترقی کرنے والے علاقوں میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔منصوبے کی تکمیل کے بعد زرعی پیداوار میں نمایاں اضافہ، پانی کے بہتر انتظام اور اردگرد کی اراضی کی معاشی قدر میں اضافے کی توقع کی جا رہی ہے۔پہور ہائی لیول کینال ایکسٹینشن منصوبہ پاکستان کے اہم آبپاشی منصوبوں میں شامل ہے جس کا مقصد زرعی بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانا اور ابھرتی ہوئی اقتصادی راہداریوں سے منسلک علاقوں میں طویل المدتی علاقائی ترقی کو فروغ دینا ہے۔







