موبائل فون کا استعمال بینائی کیلئے خطرہ بن رہا ہے’ ڈاکٹر یوسف جمال

معروف ماہر امراض چشم اور ایسوسی ایٹ پروفیسر و چیئرپرسن، شعبہ امراض چشم، حیات آباد میڈیکل کمپلیکس (ایچ ایم سی)، ڈاکٹر یوسف جمال محسود نے کہا ہے کہ موبائل فونز، کمپیوٹرز اور دیگر ڈیجیٹل اسکرینوں کا غیر ضروری اور حد سے زیادہ استعمال، خصوصا بچوں اور نوجوانوں میں، تیزی سے آنکھوں کی صحت کیلئے ایک سنگین خطرہ بنتا جا رہا ہے، اگر اس بڑھتے ہوئے رجحان پر بروقت قابو نہ پایا گیا تو مستقبل میں بینائی سے متعلق مسائل میں خطرناک حد تک اضافہ ہو سکتا ہے۔اپنے دفتر میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زیادہ دیر تک اسکرین کے سامنے رہنے سے آنکھوں پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں، اس لئے عوام میں اس حوالے سے شعور بیدار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ آنکھوں میں کسی بھی قسم کی تکلیف، دھندلا پن یا نظر کی کمزوری محسوس ہونے پر فوری طور پر مستند ماہر امراض چشم سے رجوع کرنا چاہیئے، کیونکہ علاج میں تاخیر بعض اوقات مستقل بینائی سے محرومی کا سبب بھی بن سکتی ہے۔ڈاکٹر یوسف جمال نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آنکھیں اللہ تعالی کی عطا کردہ بیش بہا نعمت ہیں جو انسان کو اپنے اردگرد کے ماحول سے جوڑنے اور دماغ تک معلومات پہنچانے کا بنیادی ذریعہ ہیں، لہذا، ان کی حفاظت ہر فرد کی اولین ذمہ داری ہے۔انہوں نے بتایا کہ ہر نومولود بچے کا پیدائش کے بعد آنکھوں کا معائنہ کرانا بہت ضروری ہے، جبکہ تقریبا پانچ سال کی عمر میں بچوں کی بینائی کا دوبارہ معائنہ کیا جانا چاہیئے، اسی طرح 40 سال یا اس سے زائد عمر کے تمام افراد کو سال میں کم از کم ایک مرتبہ آنکھوں کا مکمل طبی معائنہ ضرور کرانا چاہیئے تاکہ کسی بھی بیماری کی بروقت تشخیص اور علاج ممکن بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ صحت مند طرز زندگی بھی بینائی کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرتا ہے، باقاعدہ ورزش یا چہل قدمی، متوازن غذا، نیز بلڈ پریشر اور شوگر کو قابو میں رکھنا بھی ضروری ہے، کیونکہ ہائی بلڈ پریشر اور ذیابیطس آنکھوں کی متعدد خطرناک بیماریوں اور بینائی متاثر ہونے کی بڑی وجوہات ہیں۔ڈاکٹر یوسف جمال نے مزید کہا کہ نابینا پن کی روک تھام، آنکھوں کی بیماریوں کی بروقت تشخیص، موثر علاج اور بصارت سے محروم افراد کی بحالی کے حوالے سے وسیع پیمانے پر عوامی آگاہی مہم چلانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس امر کا اظہار کیا کہ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کا شعبہ امراض چشم خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر میں معیاری طبی سہولیات کی فراہمی اور عوام میں آنکھوں کی صحت کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کے لئے مسلسل خدمات سر انجام دے رہا ہے۔واضح رہے کہ ڈاکٹر یوسف جمال شعبہ امراض چشم میں دو دہائیوں سے زائد کا تجربہ رکھتے ہیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed