نئے صوبوں کا قیام وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے ، ڈاکٹر نیاز علی خان

انسان دوست پاکستان فاؤنڈیشن اور آرٹسٹ ایکشن فاؤنڈیشن خیبرپختونخوا کے مرکزی چیئرمین ڈاکٹر نیاز علی خان ڈائریکٹر اور سینئر پروڈیوسر نے کہا ہے کہ پاکستان میں نئے صوبوں کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس حوالے سے ہونے والا ہر مثبت اقدام خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی بڑھتی ہوئی آبادی، انتظامی ضروریات اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے نئے انتظامی یونٹس کا قیام ناگزیر ہو چکا ہے۔

اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر نیاز علی خان نے کہا کہ موجودہ چاروں صوبے گزشتہ 75 برس سے اپنی موجودہ شکل میں قائم ہیں، جبکہ اس دوران آبادی میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بروقت انصاف، معیاری سرکاری خدمات اور ترقیاتی منصوبوں سے مستفید کرنے کے لیے نئے صوبوں کا قیام ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی، استحکام اور قومی یکجہتی کے لیے جو بھی اقدامات کیے جائیں گے وہ ان کی بھرپور حمایت کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر محب وطن پاکستانی کی خواہش ہے کہ ملک کا انتظامی نظام مزید مؤثر، شفاف اور عوام دوست بنایا جائے، اور نئے صوبے اسی سمت ایک اہم قدم ثابت ہو سکتے ہیں۔

ڈاکٹر نیاز علی خان نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ اگر اسلام آباد میں رہنے والے کسی شہری کا مقدمہ پشاور میں ہو تو اسے صرف ایک کیس کی سماعت کے لیے بار بار طویل سفر کرنا پڑتا ہے جس سے اس کا قیمتی وقت، مالی وسائل اور توانائی ضائع ہوتی ہے۔ اسی طرح ملک کے مختلف علاقوں کے عوام کو بھی دور دراز دفاتر اور اداروں تک رسائی میں مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔ اگر انتظامی ڈھانچہ عوام کے قریب لایا جائے اور نئے صوبے قائم کیے جائیں تو لوگوں کو انصاف، سرکاری خدمات اور دیگر سہولیات اپنی دہلیز پر میسر آ سکیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ نئے صوبوں کا مقصد کسی بھی صوبے یا علاقے کے حقوق متاثر کرنا نہیں بلکہ انتظامی صلاحیت کو بہتر بنانا، وسائل کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانا اور عوامی مسائل کا بروقت حل فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے وفاقی حکومت، پارلیمنٹ اور تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ قومی مفاد، عوامی سہولت اور بہتر طرز حکمرانی کو مدنظر رکھتے ہوئے نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر سنجیدگی سے غور کریں اور اس سلسلے میں وسیع قومی اتفاق رائے پیدا کیا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed