سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا، جس کے دوران 5 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد ہلاک کردیئے گئے جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں میجرحافظ احسان الٰہی شہید ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں میجر حافظ احسان الٰہی شہید ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق میجر حافظ احسان الٰہی نے اپنے دستوں کی قیادت کرتے ہوئے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق مارے گئے دہشتگرد سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔ ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشت گرد بے گناہ شہریوں کے قتل میں بھی ملوث تھے، علاقے میں موجود دیگر ممکنہ خوارج کے خاتمے کے لیے سرچ اینڈ کلیرنس آپریشن جاری ہے۔ مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی عزمِ استحکام کے وژن کے تحت دہشت گردی کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں وطن عزیز کی حفاظت اور سلامتی یقینی بنانے کے ہمارے غیر متزلزل عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔







