پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی ) نے وفاقی حکومت کے خلاف مشترکہ طورپر موثر تحریک چلانے کیلئے جمعیت علما اسلام( جے یوآئی ف)سے رابطوں کا آغازکردیا۔ذرائع کے حوالے سے رپورٹ مطابق پی ٹی آئی قیادت نے جے یو آئی ف کے قائدین سے ملاقات کی اور وفاقی حکومت کے خلاف مشترکہ احتجاج کی تجویز پیش کر دی۔پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ جمعیت علما اسلام ف نے فی الحال مشترکہ احتجاج کی حمایت نہیں کی، جے یو آئی کا موقف ہے کہ احتجاج سے قبل دونوں جماعتوں کے درمیان مکمل اعتماد بحال ہونا چاہیے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی اور جے یو آئی ف قیادت کے درمیان آئندہ انتخابات میں مشترکہ حکمت عملی پر بھی گفتگو ہوئی۔اس حوالے سے ترجمان پی ٹی آئی خیبر پختونخوا شوکت یوسفزئی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے جے یو آئی ف کے قائدین سے ملاقاتوں کی تصدیق کردی۔شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا مولانا فضل الرحمان سے براہ راست ملاقاتیں ہو چکی ہیں، وفاقی حکومت کے خلاف موثر تحریک چلانے پر دونوں جماعتوں میں ہم آہنگی پائی جاتی ہے، دونوں جماعتیں متعدد معاملات پر متفق ہونے کے قریب پہنچ چکی ہیں۔







