اٹلی اور جاپان میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے جبکہ اٹلی میں زلزلے نے تباہی پھیلادی، لاکھوں ڈالرز کا نقصان، بجلی بند ہوگئی ،متعدد عمارتوں کو معمولی نقصان، ٹرین اور میٹرو سروس معطل ہوگئی تاہم کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاعات نہیں ملی ہیں۔عالمی میڈیارپورٹس کے مطابق اٹلی کے جنوبی شہر نیپلز کے قریب واقع کیمپی فلیگری کے علاقے میں 4.7 شدت کا زلزلہ آیا، جس کے باعث بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی، ٹرین اور میٹرو سروس عارضی طور پر معطل کر دی گئی جبکہ بعض عمارتوں کو معمولی نقصان پہنچا۔ تاہم فوری طور پر کسی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔اٹلی کے قومی ادارہ برائے ارضیات و آتش فشانیات کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق شام 7 بج کر 46 منٹ پر ریکارڈ کیا گیا۔ اس کا مرکز نیپلز کے مغرب میں واقع کیمپی فلیگری کا آتش فشانی علاقہ تھا، جبکہ اس کی گہرائی تقریبا 3 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔اطالوی فائر سروس کے مطابق نیپلز اور اس کے گرد و نواح میں بعض عمارتوں کو معمولی نقصان پہنچنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، تاہم کسی رہائشی کو بچانے یا ہنگامی امداد کے لیے فوری درخواست موصول نہیں ہوئی۔مقامی حکام نے احتیاطی تدابیر کے تحت ریلوے اور میٹرو سروس عارضی طور پر معطل کر دی، جبکہ مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر رہی۔اطالوی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ کیمپی فلیگری کے علاقے میں ریکارڈ کیے جانے والے طاقتور زلزلوں میں سے ایک تھا۔ زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی متعدد علاقوں کے رہائشی گھروں سے نکل کر کھلے مقامات پر آ گئے۔کیمپی فلیگری ایک گنجان آباد آتش فشانی کیلڈیرا ہے جو مغربی نیپلز کے بڑے حصے پر محیط ہے۔ حالیہ برسوں میں یہاں زلزلوں کی سرگرمی میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے، جس کے باعث اطالوی حکومت نے نگرانی اور حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دئیے ہیں۔دوسری جانب جاپان کے شمالی علاقوں آموری اور ہوکائیڈو میں ہفتے کے روز 5.8 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا۔جاپانی محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کا مرکز آموری کے مشرقی ساحل کے قریب تھا۔جاپان کے محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ اس زلزلے کی زیرِ زمین گہرائی 80 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔زلزلے کی شدت آموری اور ہوکائیڈو کے مختلف علاقوں میں 4 ریکارڈ کی گئی تاہم فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔







