آزاد جموں و کشمیر میں دوسرے مرحلے کے انتخابات کی پولنگ مظفرآباد ڈویژن میں کل 2 اگست کو ہوگی، مہاجرین کی 12 نشستوں پر بھی کل پولنگ ہوگی۔
آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے کی پولنگ کیلئے عملے کو انتخابی سامان کی تقسیم کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
راولپنڈی میں سکستھ روڈ پر واقع گورنمنٹ گریجویٹ کالج میں قائم ڈسٹری بیوشن پوائنٹ سے پولنگ عملہ بیلٹ پیپرز، بیلٹ باکسز اور دیگر حساس انتخابی مواد وصول کر رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق انتخابی عملے کو بیلٹ پیپرز اور سرکاری ریکارڈ فراہم کیا جا رہا ہے، جس کے بعد عملہ اپنے متعلقہ پولنگ اسٹیشنز کی جانب روانہ ہو رہا ہے۔ پولنگ سامان کی ترسیل پولیس کی سخت سکیورٹی میں جاری ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
ضلعی انتظامیہ اور الیکشن عملہ پولنگ انتظامات کو حتمی شکل دینے میں مصروف ہیں جبکہ تمام پولنگ اسٹیشنز پر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور عملہ تعیناتی کے لیے تیار ہے۔
حکام کے مطابق کل صبح مقررہ وقت پر پولنگ کا آغاز ہوگا جبکہ سامان کی تقسیم کے بعد پولنگ عملہ اپنی ذمہ داریاں سنبھال لے گا۔ آزاد کشمیر مہاجرین نشستوں کیلئے راولپنڈی میں جموں 6 وادی 4 اور وادی 5 کے حلقوں پر پولنگ ہوگی۔
وادی 4 کا حلقہ راولپنڈی شہر تک محدود ہے، وادی 5 کا حلقہ راولپنڈی اور اسلام آباد کے علاقوں پر مشتمل ہے، جموں 6 کا حلقہ راولپنڈی ڈویثزن اسلام آباد تک پھیلا ہوا ہے۔







