جون 2026 تک پاور سیکٹر کا گردشی قرض بڑھ کر 1740 ارب روپے تک پہنچ گیا، آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ ہدف کے مطابق اسے 1600 ارب روپے تک محدود رکھنا تھا۔ذرائع کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران گردشی قرض میں ہونے والے 400 ارب روپے کے بہاؤ کو سبسڈی کی مد میں ایڈجسٹ کیا جانا تھا، آئی ایم ایف اور پاکستان کی معاشی ٹیم کے درمیان مذاکرات میں زیرو اِن فلو ہدف طے کیا گیا تھا جس کے تحت گردشی قرض کو 1600 ارب روپے تک محدود رکھنا تھا۔ذرائع کے مطابق گزشتہ مالی سال میں پاور سیکٹر کے گردشی قرض میں تقریباً 480 ارب روپے کا مزید اضافہ ہوا جبکہ وزارت خزانہ نے گردشی قرض کی ایڈجسٹمنٹ کے لیے تقریباً 350 ارب روپے فراہم کیے،اس کے باوجود مجموعی طور پر 130 ارب روپے سے زائد کا اضافہ گردشی قرض کے مجموعی سٹاک میں شامل ہوا، اس اضافی رقم کو ایڈجسٹ کرنے کیلئے متعلقہ وزارت ورکنگ کر رہی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ حکومت کو توقع ہے کہ آئندہ اقتصادی جائزے تک گردشی قرض کو دوبارہ 1600 ارب روپے کی مقررہ حد تک لانے کا ہدف حاصل کر لیا جائیگا۔







