کراچی سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین کیلئے بجلی مہنگی ہونے کا امکان ہے ۔بجلی ایک روپے20 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست پر نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی(نیپرا) کل (بدھ کو) سماعت کرے گا۔ سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی(سی پی پی اے) نے جون کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کرنے کی درخواست نیپرا میں جمع کرا رکھی ہے۔ حکومتی پالیسی گائیڈ لائنز کے مطابق ممکنہ اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر بھی ہوگا، اس سے قبل مئی کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کی قیمت میں 34 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا تھا، جس کا اطلاق جولائی کے بجلی بلوں میں کیا گیا۔







