منگولیا میں اے آر اے فیسٹیول ماس ریسلنگ چیمپئن شپ،پاکستان نے کانسی کا تمغہ جیت لیا

پاکستان نے منگولیا میں منعقدہ اے آر اے فیسٹیول ماس ریسلنگ چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کانسی کا تمغہ اپنے نام کر لیا۔ گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے قومی ماس ریسلر اسامہ بٹ نے عالمی معیار کے مقابلوں میں روس اور میزبان ملک منگولیا کے نامور ریسلرز کا کامیابی سے مقابلہ کرتے ہوئے پاکستان کا پرچم عالمی سطح پر سربلند کر دیا۔چیمپئن شپ میں نمایاں کارکردگی پر اسامہ بٹ کو کانسی کے تمغے کے ساتھ 2 ہزار امریکی ڈالرکا خصوصی انعام بھی دیا گیا

جسے پاکستان کے لیے ایک اہم اعزاز قرار دیا جا رہا ہے۔پاکستان ماس ریسلنگ فیڈریشن کے صدر نواب فرقان خان نے اسامہ بٹ کو تاریخی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی یہ کامیابی پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ماس ریسلرز دنیا کے بہترین ایتھلیٹس کا مقابلہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں اور بین الاقوامی مقابلوں میں مسلسل اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔نواب فرقان خان کا کہنا تھا کہ پاکستان ماس ریسلنگ فیڈریشن نوجوان ٹیلنٹ کو عالمی سطح پر متعارف کرانے، ان کی تربیت اور بین الاقوامی مقابلوں میں بھرپور نمائندگی یقینی بنانے کے لیے سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسامہ بٹ کی کامیابی نوجوان کھلاڑیوں کے لیے امید، حوصلے اور عزم کی نئی مثال ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ماس ریسلنگ میں پاکستان کی بین الاقوامی کامیابیاں مسلسل بڑھ رہی ہیں اور قومی کھلاڑی دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق اسامہ بٹ کا کانسی کا تمغہ پاکستان ماس ریسلنگ فیڈریشن کی مسلسل کاوشوں کا نتیجہ ہے اور مستقبل میں پاکستان مزید عالمی اعزازات حاصل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔نواب فرقان خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ فیڈریشن کھیل کے فروغ، نوجوانوں کی استعداد کار بڑھانے اور پاکستان کے ماس ریسلرز کو ایشیا اور دنیا میں مزید مضبوط مقام دلانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسامہ بٹ کی یہ کامیابی پاکستانی کھیلوں اور بالخصوص ماس ریسلنگ کے لیے ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed