وادی کالام کے علاقے مٹلتان میں 23 سالہ نوجوان نے مبینہ طور پر دریائے سوات میں چھلانگ لگا دی۔ پولیس ذرائع کے مطابق محمد عمر ولد گلاب، جو ذہنی مریض بتایا جاتا ہے، نے مبینہ طور پر دریائے سوات میں چھلانگ لگا دی۔ واقعے کے بعد ریسکیو 1122، پولیس اور مقامی رضاکار ٹیموں نے مختلف مقامات پر ریکوری آپریشن شروع کر دیا۔ ریسکیو 1122 کے ترجمان نیاز خان کے مطابق اطلاع ملنے کے بعد مٹلتان، کالام، اریانئی، چمگڑئی، بحرین اور فخرخیل تک تمام ریسکیو ٹیمیں متحرک کر دی گئی ہیں اور نوجوان کی تلاش جاری ہے۔ پولیس کے مطابق یہ معلوم کیا جا رہا ہے کہ نوجوان نے خودکشی کی یا کسی اور وجہ سے پانی میں گر کر ڈوب گیا، اس حوالے سے مختلف پہلوئوں پر تحقیقات جاری ہیں۔دوسری جانب تحصیل کبل کے علاقے توتانو بانڈئی میں ایک نوجوان نے مبینہ طور پر گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کر لی۔ پولیس ذرائع کے مطابق ابوبکر کو اس کے والد نور رحمان نے موٹر سائیکل چلانے سے منع کرتے ہوئے ڈانٹا، جس کے بعد وہ دل برداشتہ ہو کر گھر کی چھت سے گلے میں پھندا ڈال کر لٹک گیا۔ واقعے کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہو گیا۔ پولیس نے لاش تحویل میں لے کر قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے کبل ہسپتال منتقل کر دی۔ کبل پولیس نے ابتدائی رپورٹ درج کر کے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔







