پاکستان ہندکووان تحریک کے صوبائی صدر اکبر سیٹھی نے خیبر پختونخوا اسمبلی سے ارکان اسمبلی اور ان کے خاندانوں کے لیے بلیو پاسپورٹ سمیت شاہانہ مراعات کی منظوری پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے عوام دشمن اقدام قرار دیا ہے، اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ شدید مالیاتی بحران اور قرضوں کے بوجھ تلے دبے صوبے میں غریب عوام کو بجلی، گیس، صاف پانی، صحت اور تعلیم جیسی بنیادی سہولیات میسر نہیں، لیکن حکمرانوں کی ترجیحات میں عوامی مسائل کے بجائے منتخب نمائندوں کی ذاتی مراعات اور شاہ خرچیاں سرفہرست آ چکی ہیں، انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخوا اسمبلی سے پاس ہونے والے حالیہ بل کے تحت ارکان اسمبلی اور ان کے اہل خانہ کو بلیو پاسپورٹ، اسلحہ لائسنس کی خصوصی رعایت اور دیگر وی آئی پی مراعات دینے کی راہ ہموار کی گئی ہے، جس پر عوامی حلقوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے، اکبر سیٹھی نے مزید کہا کہ ایک طرف صوبے بھر میں ترقیاتی منصوبے فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث دم توڑ رہے ہیں، سرکاری ہسپتالوں میں غریب کے لیے دوائی تک موجود نہیں اور نظام تعلیم زوال کا شکار ہے تو دوسری طرف بے روزگاری کی وجہ سے چوری، ڈکیتی، سنیچنگ اور قتل و غارت گری جیسے جرائم کی شرح میں خوفناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ ان سنگین حالات میں بھی حکومت ہوش کے ناخن لینے کو تیار نہیں ہے، ہندکووان تحریک کے صوبائی صدر نے مطالبہ کیا کہ حکومت اور اراکین اسمبلی اپنی تمام تر توجہ ذاتی مفادات کے بجائے روزگار کی فراہمی، امن و امان کی بحالی اور عوامی فلاح پر مرکوز کریں، عوام نے نمائندوں کو اپنی عیاشیوں کے لیے نہیں بلکہ قوم کی خدمت کے لیے منتخب کیا ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ پاکستان ہندکووان تحریک عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی اور اس قسم کے تمام تر فیصلوں کی آئینی اور جمہوری انداز میں بھرپور مخالفت کی جائے گی۔







