پیٹرولیم قیمتوں میں کمی کا پورا فائدہ پاکستانی عوام کو دیا جائے، انعام الحق قادری

مرکزی رہنما ء پاکستان سنی تحریک انعام الحق قادری نے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ہونے والی نمایاں کمی کا براہِ راست فائدہ پاکستانی عوام کو پہنچایا جائے۔ حکومت فوری طور پر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کا اعلان کرے تاکہ مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے عوام کو حقیقی ریلیف میسر آ سکے۔انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں واضح کمی دیکھنے میں آئی ہے، جس کے بعد دنیا کے مختلف ممالک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بھی کم کی جا رہی ہیں۔ افسوس کی بات ہے کہ پاکستان میں اس مثبت تبدیلی کے ثمرات تاحال عوام تک منتقل نہیں کیے گئے، جس پر شدید تشویش پائی جاتی ہے۔انعام الحق قادری نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے نہ صرف ٹرانسپورٹ کے اخراجات کم ہوتے ہیں بلکہ اشیائے خورونوش، روزمرہ استعمال کی اشیا اور صنعتی پیداوار کی لاگت میں بھی نمایاں کمی آتی ہے، جس سے مہنگائی پر قابو پانے میں مدد ملتی ہے۔ لہذا حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ عالمی منڈی میں ہونے والی کمی کے اثرات فوری طور پر عوام تک منتقل کرے اور مصنوعی مہنگائی کے خاتمے کے لیے مثر اور عملی اقدامات اٹھائے۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام پہلے ہی مسلسل مہنگائی، بے روزگاری، بڑھتے ہوئے بجلی و گیس کے بلوں اور دیگر معاشی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ ایسے حالات میں حکومت کو چاہیے کہ عوامی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے ساتھ ساتھ بجلی، گیس اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی ریلیف فراہم کرے تاکہ عام آدمی کی زندگی میں حقیقی آسانی پیدا ہو سکے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوامی مفاد کو ترجیح دیتے ہوئے فوری طور پر ایسے اقدامات کیے جائیں جن سے مہنگائی میں کمی آئے اور عام شہری کو معاشی استحکام اور ریلیف میسر ہو۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed