سعودی عرب فیفا ورلڈکپ سے باہر،فٹبال فیڈریشن کے صدر مستعفی

سعودی عرب کی فٹبال ٹیم کے فیفا ورلڈ کپ کے گروپ اسٹیج سے مایوس کن انداز میں باہر ہونے کے بعد سعودی عرب فٹبال فیڈریشن کے صدر یاسر المسحل نے ٹیم کی ناکامی کی پوری ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔فیفا ورلڈ کپ 2026 میں سعودی عرب کی ٹیم یوروگوئے اور کیپ ورڈے کے خلاف میچ ڈرا کرنے اور اسپین کے ہاتھوں شکست کے بعد گروپ ایچ میں صرف دو پوائنٹس کے ساتھ آخری نمبر پر رہی جس کے باعث ٹورنامنٹ میں اس کا سفر گروپ اسٹیج پر ہی ختم ہو گیا۔سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں یاسر المسحل نے اعتراف کیا کہ نتائج توقعات کے مطابق نہیں رہے اور انہوں نے اپنی مدت پوری ہونے سے پہلے ہی مستعفی ہونے کے فیصلے کی تصدیق کی۔یاسر المسحل نے لکھا قومی ٹیم کا ورلڈ کپ کے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی نہ کر پانا ایک ایسا نتیجہ ہے جو ہماری تمام تر امنگوں سے کم تر ہے،میں اس کی پوری ذمہ داری قبول کرتا ہوں اور ان تمام لوگوں سے معذرت خواہ ہوں جو ہماری ٹیم کو ایک بہتر پوزیشن میں دیکھنے کی امید رکھتے تھے۔انہوں نے کہا کہ میری اس سوچ کے تحت کہ ذمہ داری کا تقاضا ہے کہ ایک نئے مرحلے کے لیے موقع فراہم کیا جائے، میں نے موجودہ مدت کے اختتام تک برقرار نہ رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔یاد رہے کہ یاسر المسحل نے سات سال تک سعودی عرب فٹبال فیڈریشن کے صدر کے طور پر خدمات انجام دیں اور 2034 کے فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی حاصل کرنے کی سعودی کوششوں میں کلیدی کردار ادا کیا۔سعودی فٹبال کی یہ مایوس کن مہم ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حالیہ برسوں میں سعودی حکومت نے فٹبال کے شعبے میں بھاری سرمایہ کاری کی ہے اور ملکی لیگ کا معیار بڑھانے کے لیے کرسٹیانو رونالڈو اور نیمار جونیئر جیسے عالمی ستاروں کو شامل کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed