شانگلہ ٹریکٹر حادثہ، نوجوان جاں بحق،صدمے سے چچا بھی دل کا دورہ پڑنے پر انتقال کر گئے۔ایک گھر سے دوجنازے نکلنے پر علاقے میں سوگ کا فضا ہر آنکھ آشکبار، چچا،بھتیجااجتماعی نمازجنازہ کے بعدسپردخاک کردئے گئے ۔شانگلہ کے تحصیل پورن کے دو افتادہ علاقے مخوزی کے گاؤں ڈھیران سر میں ٹریکٹر حادثے کے نتیجے میں ایک نوجوان جنید اللہ جاں بحق ہو گیا جبکہ افسوسناک طور پر صدمے سے اس کے چچا بھی دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئے جس سے پورا علاقہ سوگ میں ڈوب گیا۔نوجوان جنید اللہ ولد شاہد اللہ ٹریکٹر حادثے کا شکار ہو کر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ ٹریکٹر اچانک بے قابو ہو کر حادثے کا شکار ہواجسکے نتیجے میں نوجوان کو جان لیوا چوٹیں آئیں۔نوجوان جنید اللہ کی ہلاکت کی اطلاع جب اہل خانہ تک پہنچی تو گھر میں کہرام مچ گیا۔ اسی دوران جنید کے چچا اپنے بھتیجے کی اچانک موت کا صدمہ برداشت نہ کر سکے اور شدید دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئے۔ اس طرح ایک ہی خاندان میں مختصر وقفے کے دوران دو اموات نے علاقے کو غمزدہ کر دیا۔اہل علاقہ کے مطابق مرحوم جنید خوش اخلاق اور ملنسار نوجوان تھے جبکہ ان کے چچا بھی علاقے کی ایک معزز اور نیک نام شخصیت سمجھے جاتے تھے۔ دونوں کی یکے بعد دیگر وفات کی خبر علاقے میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی جس کے بعد ہر آنکھ اشکبار دکھائی دی۔واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہے اور بڑی تعداد میں لوگ متاثرہ خاندان سے اظہارتعزیت کے لیے پہنچ رہے ہیں۔مختلف سیاسی جماعتوں، مقامی سماجی و عوامی حلقوں نے اس افسوسناک حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہیں۔







