کوہاٹ پولیس نے ایک اہم اور تاریخی کارروائی کرتے ہوئے 28 سال سے زیرِ التواء قتل کیس میں مطلوب اشتہاری مجرم کو اسلام آباد کی حدودسے گرفتار کر کے پابند سلاسل کردیا۔ریجنل پولیس آفیسر(آر پی او) کوہاٹ عرفان طارق کے خصوصی احکامات پرڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) کوہاٹ شہباز الٰہی کی واضح ہدایت پر ایس ایچ او تھانہ سٹی سیف اللہ خان اور ان کی ٹیم نے موثر اور منظم کارروائی کرتے ہوئے مفرور مجرم میر حسن جان ولد حسین جان سکنہ خادیزئی (کوہاٹ) کو بارہ کہو اسلام آباد سے گرفتار کیا۔ تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ 22 دسمبر 1998ء کو کوہاٹ کے زرگران بازار میں پیش آیا تھا جہاں اراضی کے تنازعے پر ملزم میر حسن جان نے فائرنگ کرکے محمد صادق سکنہ خادیزئی کو قتل کر دیا تھا۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ سٹی کوہاٹ میںدرج کیا گیاتھا۔ملزم واردات کے فوراً بعد جائے وقوعہ سے فرار ہو کر اسلام آباد کے علاقے بارہ کہو میں رو پوش ہو گیا اور گزشتہ ڈھائی دہائی سے زائد عرصے تک قانون کی گرفت سے بچتا رہا۔ پولیس کے مطابق ایس ایچ او سیف اللہ خان اور ان کی ٹیم نے تکنیکی ذرائع، خفیہ اطلاعات اور گرائونڈ انٹیلی جنس کی مدد سے ملزم کا سراغ لگایا اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا۔گرفتار اشتہاری مجرم کو مزید تفتیش کیلئے تھانہ سٹی منتقل کر دیا گیا ہے۔پولیس حکام نے اس کامیاب کارروائی کو دیرینہ کیس کی ٹریسنگ اور انصاف کی فراہمی کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔







