خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں سڑکوں کی تعمیر کے ٹینڈر میں مبینہ بے ضابطگیوں اور شکایات پر محکمہ تعمیرات و مواصلات نے باضابطہ تحقیقات شروع کر دی ہیں۔محکمہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وارانہ تا لنک روڈ اور وارانہ تا مسکان روڈ کی تعمیر و بلیک ٹاپنگ کے منصوبوں کے ٹینڈر عمل میں سامنے آنے والی شکایات کی تحقیقات کے لیے چار رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔اعلامیے کے مطابق کمیٹی کی سربراہی چیف انجینئر آفس ساتھ ون انجینئر عظمت اللہ کریں گے۔ دیگر اراکین میں ڈپٹی ڈائریکٹر پختونخوا ہائی ویز اتھارٹی انجینئر مصطفی احمد اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر انجینئر مصباح اللہ شامل ہیں، جبکہ انجینئر مصباح اللہ کمیٹی کے سیکرٹری کے فرائض بھی انجام دیں گے۔کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ٹینڈر عمل کے مختلف پہلوں کا تفصیلی جائزہ لے ‘کمیٹی کو پرکیورمنٹ کمیٹی کی تشکیل اور اس کی قانونی حیثیت کا بھی جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی ہے، اس کے علاوہ یہ بھی دیکھا جائے گا کہ تکنیکی تشخیص رپورٹ کو اگلے مرحلے میں بھیجنے سے قبل چیف انجینئر کی منظوری حاصل کی گئی تھی یا نہیں۔کال ڈپازٹ ریسپٹس اور پرفارمنس سکیورٹیز سے متعلق معاملات کا جائزہ بھی انکوائری کا حصہ ہوگا، جس کی روشنی میں خیبرپختونخوا پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کی ہدایات پر عملدرآمد کو بھی پرکھا جائے گا۔محکمہ مواصلات و تعمیرات نے ایگزیکٹو انجینئر سی اینڈ ڈبلیو ڈویژن کرک کو ہدایت کی ہے کہ وہ کمیٹی کو تمام ریکارڈ اور متعلقہ دستاویزات فوری طور پر فراہم کریں تاکہ تحقیقات 15 روز کے اندر مکمل کر کے رپورٹ حکام بالا کو پیش کی جا سکے۔







