چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کی ہدایت پر صوبے بھر کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز اور جوڈیشل مجسٹریٹس نے مختلف جیلوں کے دورے کیے، جن کا مقصد معمولی نوعیت کے مقدمات کو موقع پر نمٹانا اور قیدیوں کو فوری ریلیف فراہم کرنا تھا۔ہائیکورٹ انتظامیہ کے مطابق ان دوروں کے دوران جوڈیشل افسران نے مجموعی طور پر 252 مقدمات کے فیصلے کیے جبکہ 254 قیدیوں کو عیدالاضحی کے موقع پر رہائی دی گئی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد زیر التوا مقدمات میں کمی لانا اور جیلوں میں موجود ان قیدیوں کو ریلیف فراہم کرنا تھا جو معمولی نوعیت کے مقدمات میں بند تھے۔چیف جسٹس نے اس موقع پر ججز اور مجسٹریٹس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ قانون کی بالادستی، فوری انصاف کی فراہمی اور انسانی بنیادوں پر ریلیف عدالتی نظام کی اولین ترجیحات ہیں۔یہ اقدامات پشاورہائیکورٹ کی ہدایت پر جاری مہم کا حصہ ہیں جس کا مقصد نظامِ عدل کو مزید مثر اور تیز تر بنانا ہے۔







