کوہاٹ سمیت خیبرپختونخوا کے متعدد اضلاع میں ڈینگی وائرس کے خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا گیا ہے جبکہ گزشتہ ہفتے کے دوران صوبہ بھر میں ڈینگی کے 422 مشتبہ اور 67 تصدیق شدہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔محکمہ صحت خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ڈینگی وائرس سے متاثرہ سب سے زیادہ 36 تصدیق شدہ مریض پشاور میں رپورٹ ہوئے۔ اس کے علاوہ کوہاٹ اور بنوں میں 5، 5 مریض، سوات میں 4، کرک میں 3 جبکہ نوشہرہ، مردان، چترال لوئر اور باجوڑ میں 2، 2 کیسز سامنے آئے۔ مزید برآں ڈیرہ اسماعیل خان، ہنگو، اورکزئی، شمالی وزیرستان، چارسدہ اور دیر لوئر میں ایک، ایک کیس رپورٹ کیا گیا۔ذرائع کے مطابق ماہ مئی کے پہلے دس دنوں کے دوران لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور میں 6 جبکہ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں 5 نئے کیس رپورٹ ہوئے۔ اسی طرح باجوڑ اور کوہاٹ میں بھی ایک، ایک نئے مریض کا اضافہ سامنے آیا ہے۔محکمہ صحت کے حکام کے مطابق خوش آئند امر یہ ہے کہ اب تک ڈینگی وائرس سے کسی ہلاکت کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ تاہم پشاور کو سب سے زیادہ متاثرہ ضلع قرار دیا گیا ہے جبکہ دیگر اضلاع میں بھی صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ ڈینگی لاروا کے خاتمے، صفائی مہمات اور عوامی آگاہی پروگراموں کا سلسلہ جاری ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ گھروں اور اطراف میں پانی کھڑا نہ ہونے دیں، مچھر مار اسپرے اور جالیوں کا استعمال یقینی بنائیں اور بخار، جسم درد یا دیگر علامات ظاہر ہونے کی صورت میں فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کریں۔محکمہ صحت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کرکے خود اور اپنے خاندان کو ڈینگی سے محفوظ بنائیں کیونکہ بچاؤ ہی اس مرض کا بہترین علاج ہے۔






