ہر بچے کے لیے محفوظ جگہ کا قیام، چائلڈ پروٹیکشن کو مضبوط بنانے کی کوشش

ڈائریکٹوریٹ آف سوشل ویلفیئر، اسپیشل ایجوکیشن وومن ایمپاورمنٹ ڈیپارٹمنٹ ضم شدہ اضلاع کے تحت پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ چائلڈ پروٹیکشن نے پشاور میں "ہر بچے کے لیے محفوظ جگہ” قائم کر دی ہے، جس کا مقصد بچوں کے تحفظ کو بہتر بنانا اور کمزور بچوں کی فلاح و بہبود کو فروغ دینا ہے۔اس سہولت کا افتتاح منگل کے روز تاج آباد، بورڈ بازار کے قریب یونیسف پاکستان کی چیف آف چائلڈ پروٹیکشن جینیفر میلٹن نے یونیسف خیبر پختونخوا کی چائلڈ پروٹیکشن آفیسر بشری اجمل کے ہمراہ کیا۔اس موقع پر پروگرام مینیجر امجد محمود، کائنات فاروقی اور پی ایم یو کے پراجیکٹ عملے کے ارکان بھی موجود تھے۔یہ اقدام یونیسف کے تعاون سے کرم، خیبر، جنوبی وزیرستان اور پشاور میں حفاظتی اقدامات کے حصے کے طور پر شروع کیا گیا ہے۔یہ محفوظ جگہ سٹریٹ چلڈرن اور نقل مکانی کرنے والے بچوں کے لیے مختلف خدمات فراہم کرے گی، جن میں لائف اسکلز پر مبنی تعلیم، "آئی سپورٹ مائی فرینڈ” سیشنز، "ٹلی” ماڈیول سرگرمیاں، تفریحی مواقع اور بچوں کے لیے آن لائن تحفظ سے متعلق آگاہی شامل ہیں۔ماہرین نفسیات پر مشتمل خصوصی ٹیمیں ضرورت مند بچوں کو نفسیاتی و سماجی معاونت بھی فراہم کریں گی۔یہ سہولت ایسے بچوں کے لیے ایک مرکزی مقام کے طور پر تیار کی گئی ہے جو بدسلوکی، استحصال اور نظراندازی کا شکار ہو سکتے ہیں، جن میں سڑکوں پر کام کرنے والے بچے، مہاجر بچے، بھیک مانگنے والے بچے، بے گھر بچے، یتیم بچے اور وہ بچیاں شامل ہیں جن کی مائیں گھریلو ملازمہ کے طور پر کام کرتی ہیں۔پسماندہ طبقات، مہاجرین اور غربت سے متاثرہ خاندانوں پر مشتمل علاقے میں قائم یہ محفوظ جگہ بچوں کو محفوظ اور معاون ماحول فراہم کرنے کا مقصد رکھتی ہے، جہاں انہیں منظم سرگرمیوں، تفریح اور نفسیاتی نگہداشت کے ذریعے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔یہ اقدام بچوں کو ضروری حفاظتی مہارتوں سے آراستہ کرنے کے ساتھ ساتھ مزید مدد کے لیے متعلقہ اداروں تک رسائی بھی فراہم کرے گا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یونیسف کے نمائندوں نے محکمہ کی کاوشوں کو سراہا اور کمزور بچوں کی مدد کے لیے اپنے تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔نوجوانوں کو تبدیلی کا مئوثر ذریعہ بنانے اور ہر بچے کے لیے محفوظ ماحول کو فروغ دینے کے لیے نوعمر بچوں کی قیادت میں اقدامات کو وسعت دینے پر بھی خصوصی زور دیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed