اسلام آباد سیف سٹی کو ”کیپٹل سمارٹ سٹی” میں تبدیل کرنے کا فیصلہ

وفاقی حکومت نے اسلام آباد سیف سٹی پراجیکٹ کے دائرہ کار کو وسعت دیتے ہوئے اسے مکمل طور پر ”کیپٹل سمارٹ سٹی” میں تبدیل کرنے کا بڑا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت وفاقی دارالحکومت میں پولیسنگ، ٹریفک اور شہری سہولیات کے تمام نظام کو ایک ہی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر منتقل کر دیا جائے گا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سیف سٹی ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا اور ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی، جس میں منصوبے کے فیز ٹو پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا، ڈی جی ایف آئی اے، آئی جی اسلام آباد اور ڈی جی سیف سٹی سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔وزیر داخلہ نے اجلاس کے دوران سیف سٹی ہیڈکوارٹر کے نئے ڈیزائن کی منظوری دی اور ہدایت کی کہ 30 مئی تک فیز ٹو کے تمام کام مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے سنٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے تاکہ ٹریفک مینجمنٹ اور کرائم کنٹرول کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جا سکے۔آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی نے وزیر داخلہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فیز ٹو پر اب تک 75 فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے۔شہر بھر میں 152 کلومیٹر طویل فائبر آپٹک کیبل بچھائی جا چکی ہے۔جدید کیمروں اور مانیٹرنگ سسٹم کی تنصیب کا عمل آخری مراحل میں ہے اور 20 مئی سے ٹیسٹنگ کا آغاز کر دیا جائے گا۔اس موقع پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ شہریوں کے تحفظ اور سہولت کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مقررہ مدت کے اندر منصوبے کی تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا تاکہ اسلام آباد کو عالمی معیار کا محفوظ اور سمارٹ شہر بنایا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed