وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے اطلاعات وتعلقات عامہ شفیع جان نے پیر کے روز گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج کوہاٹ میں نئے ایڈیشنل کلاس رومز کا افتتاح کیا جو تعلیمی سہولیات میں بہتری کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ منصوبہ 35.927 ملین روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے جس کا مقصد بڑھتی ہوئی تعلیمی ضروریات کو پورا کرنا اور طلبہ کو بہتر ماحول فراہم کرنا ہے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شفیع جان نے کہا کہ حکومت تعلیم کے شعبے کی بہتری کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے کلاس رومز کے قیام سے طلبہ کو سازگار تعلیمی ماحول میسر آئے گا جس سے ان کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہاکہ نوجوان نسل کو معیاری تعلیم فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے کیونکہ یہی طلبہ مستقبل میں ملک و قوم کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔تقریب میں کالج کے پرنسپل، اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ آخر میں کالج انتظامیہ نے مہمانِ خصوصی کا شکریہ ادا کیا۔ دریں اثنا، شفیع جان نے اہداف سکول اینڈ کالج کوہاٹ کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جہاں انہوں نے طلبہ کی شاندار کارکردگی کو سراہا اور اساتذہ کی محنت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم ترقیافتہ معاشرے کی بنیاد ہے اور نوجوان نسل کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ تقریب کے اختتام پر انہوں نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ میں انعامات اور اسناد تقسیم کیں اور ان کے روشن مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر سکول انتظامیہ، اساتذہ، طلبہ اور والدین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔







