کرکٹ سٹیڈیم نام کی تبدیلی کا کیس دوسرے بنچ کو منتقل

شعیب جمیل

پشاور ہائیکورٹ نے صوبائی حکومت کی جانب سے تاریخی ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم کا نام تبدیل کر کے عمران خان کرکٹ سٹیڈیم رکھنے کے خلاف دائر رٹ پٹیشن دوسرے بنچ کومنتقل کرنے کے احکامات جاری کرکے سماعت ملتوی کردی۔ کیس کی سماعت پشاورہائیکورٹ کے جسٹس اعجاز انور اور جسٹس وقار احمد پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی۔اس موقع پر عدالت میں درخواست گزار کے وکیل علی گوہر درانی ایڈووکیٹ اور صوبائی حکومت کی جانب سے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پیش ہوئے۔ سماعت شروع ہوئی تو درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کوبتایا کہ صوبائی حکومت نے ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم کا نام تبدیل کرکے عمران خان کرکٹ سٹیڈیم شاہی باغ رکھا ہے اور اسکی منظوری صوبائی کابینہ نے21 فروری 2025 کو دی تھی جس کے بعد اس سٹیڈیم کا نام تبدیل کر دیا گیا خالانکہ اس قسم کے ناموں کی تبدیلی ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کے وضع کردہ گائیڈ لائن کے خلاف ہے ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ خیبرپختونخوا گائیڈ لائن کے اور ان گائیڈ لائنز کے مطابق عوامی اثاثوں کو کسی زندہ شخص کے نام سے منسوب نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے بتایا کہ۔ارباب نیاز سٹیڈیم 1984 میں تعمیر کیا گیا اس کا پہلے نام شاہی باغ کرکٹ سٹیڈیم تھا تا ہم 1987 میں نام تبدیل کرکے ارباب نیاز رکھا گیا۔خیبرپختونخوا لوکل کونسل رولز 1994 کے مطابق کسی جگہ کا نام رکھنے کے بعد 50 سال تک اس کو تبدیل نہیں کیا جاسکتا۔علی گوہر درانی نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے بانی عمران خان نے بھی صوبائی حکومت کے اس فیصلے پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے کیونکہ ارباب نیاز سٹیڈیم خیبرپختونخوا کا واحد انٹرنیشل کرکٹ گرانڈ ہے جس میں 1984 سے 2006 تک 15 ون ڈے اور 6 ٹیسٹ میچ کھیلے گئے۔آخری میچ پاکستان اور انڈیا کے درمیان فروری 2006 میں کھیلا گیا اس کے بعد کوئی انٹریشنل میچ نہیں ہوا اس دوران 2017 میں کرکٹ گرانڈ میں مرمت کا کام شروع کیا گیا مرمتی کام مکمل ہوا تو اس کا نام تبدیل کیا گیا۔ تا ہم عدالت نے قرار دیا کہ اس کیس کو کسی دوسرے بنچ کے سامنے لگایا جائے ۔عدالت نے سماعت ملتوی کرتے ہوئے جلد اس کیس کو دوبارہ سماعت کے لئے مقرر کرکے کسی اور بنچ کے سامنے لگانے کی ہدایت کر دی

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed