چائنہ ونڈو اور اقراء نیشنل یونیورسٹی کی لٹریری سوسائٹی کے درمیان ایک معاہدے پر دستخط ہو گئے ہیں جس کے مطابق دونوں ادارے پشاور سمیت صوبہ بھر میں پاک چین دوستی کو فروغ دینگے اور علمی و ادبی اور ثقافتی تقریبات مشترکہ طور پر منعقد کرینگے۔ ایم او یو پر دستخط کرنے کی تقریب چائنہ ونڈو میں ہوئی۔ اقراء نیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ملک تیمور علی اور چائنہ ونڈو کے ایڈمنسٹریٹر امجد عزیز ملک نے دستخط کئے۔ اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر ملک تیمور علی کا کہنا تھا کہ چین نے ہمیشہ پاکستان کے ایک قابل فخر دوست ہونے کا ثبوت دیاجو ہم سے اس امر کا تقاضا کرتا ہے کہ پاک چین دوستی کے مزید استحکام اور پشاور سے اہل چین کو دوستی کا پیغام بھیجنے کیلئے وسیع پیمانے پر اقدامات کریں۔

انہوں نے کہاکہ اقراء نیشنل یونیورسٹی اپنے چانسلر عبیدالرحمان کی قیادت میں تعلیم کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دے رہی ہے جبکہ طلباء کوچین کی مختلف یونیورسٹیوںمیں اسکالرشپس پر بھی بھیجا جاتا ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اقرا ء نیشنل یونیورسٹی اور چائنہ ونڈو کے درمیان ایم او یو پر دستخط ہونے کے بعد اس سلسلے میں مشترکہ کوششیں کی جائیں گی تاکہ باہمی تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔ اس موقع پر لٹریری سوسائٹی کے ڈائریکٹر یاسر دادخان نے بتایا کہ ان کی یونیورسٹی میںعلمی، ادبی اور ثقافتی تقریبات کا باقاعدگی کے ساتھ انعقاد ہوتا ہے جس کا دائرہ کار پاک چین دوستی تک بڑھایا جا رہا ہے تاکہ طالب علموں کو پاک چین دوستی اور چین کی جانب سے پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے کئے جانیوالے اقدامات سے آگہی حاصل ہو۔ یاسر داد نے رواں سال پاک چین دوستی کی 75 ویں سالگرہ کی مناسبت سے چائنہ ونڈو کے ساتھ مل کر مختلف تقریبات کے انعقاد کا اعلان بھی کیا۔







