جماعت اسلامی خیبرپختونخوا وسطی کے امیر عبدالواسع نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں بدامنی اپنی عروج پر ہے اور صوبے میں عملا حکومتی رٹ مکمل طور پر ناکام ہے منشیات ،آئس ،سٹریٹ کرائمز اور موبائیل سکریچنگ نے شہریوں کی زندگی اجیران کردی ہے۔کھیلوں کے میدآنوں کی رونقیں بڑھانے اور نوجوانوں کو مثبت اور تعمیر سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے لئے اسلامی جمعیت طلبہ تعلیمی اداروں میں گرانقدر خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔صوبائی حکومت کی ترجیحات میں عوام کو ریلیف کی فراہمی شامل نہیں ہے اور حکومت کی تمام تر سرگرمیاں اپنے لیڈر کی رہائی کے گرد گھوم رہی ہے حکومت کی ناقص کارکردگی اور مجرمانہ غفلت کی بدولت عوام میں عدم تحفظ کا احساس روز بروز بڑھ رہاہے۔ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی کے صوبائی امیر عبدالواسع نے اسلامی جمعیت طلبہ پشاور یونیورسٹی کیمپس کے زیراہتمام ہاسٹل 2گراونڈ پر منعقدہ سپورٹس امن گالہ کے اختتام پر تقریب تقسیم انعامات سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں برسراقتدار جماعت پاکستان تحریک انصاف کی گزشتہ 13سالوں سے صوبے میں حکومت قائم ہے جو نوجوانوں کو سہولیات اور مواقعے فراہم کرنے کی بلند وبانگ دعوے کرتی رہی ہیں لیکن عملا ان کی حکومت میں معاشرے کے دیگرطبقات کی طرح نوجوانوں کو بھی بری طرح نظر انداز کیا گیا ہے تعلیمی اداروں کی نجکاری،جامعات کی زمینیں بیچ کر ملازمین کی تنخواہیں پوری کرنے سمیت حکومت کی مجرمانہ غفلت کی بدولت پشاور سمیت صوبہ بھر میں سٹریٹ کرائمز ،موبائیل سکریچنگ،آئس اور منشیات کی بھرمار نے سب سے زیادہ نوجوان نسل کو تباہی سے دوچار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اس وقت صوبے کے حقوق کے حصول کے لئے سنجیدہ کوششیں کرنے میں بری طرح ناکام ہے جس کی وجہ سے صوبے میں ترقی کا پہیہ عملا روکا ہواہے۔انہوں نے کہا کہ وفاق میں صوبے کی نمائندگی کرنے میں حکمران جماعت مکمل طور پر ناکام ثابت ہوا ہے اور گزشتہ دوسالوں میں کوئی نیا میگا پراجیکٹ شروع نہیں کیا گیا ہے اس موقع پر اسلامی جمعیت طلبہ یونیورسٹی کیمپس کے ناظم تقویم الحق اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔







