گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے میری لینڈ، امریکہ میں مقیم پاکستانی کاروباری شخصیت سید مجاہد نے گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی۔ اس موقع پر شاہین گروپ آف ریٹیل اینڈ فرنچائز ڈویلپمنٹ کے بانی اور سی ای او سید محمد اقبال بھی موجود تھے۔ملاقات میں صوبے میں سرمایہ کاری کے مواقع، سماجی شعبوں کی بہتری اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے کردار پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ملاقات میں مختلف مشترکہ منصوبوں اور ممکنہ تعاون کے دیگر شعبوں پر بھی بات چیت کی گئی۔ سید مجاہد نے خیبر پختونخوا میں کاروبار اور سماجی ترقی کے مختلف منصوبوں میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ہمیشہ مادرِ وطن کی ترقی کے لیے پُرعزم رہے ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ ملک اور صوبے کی معیشت کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اوورسیز پاکستانیوں کے جذبہ خدمت اور وطن سے وابستگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک بسنے والے پاکستانی صوبے کی معاشی مضبوطی، سماجی فلاح اور عالمی روابط کو تقویت دینے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے اپنی جانب سے تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ حکومت سرمایہ کاروں اور سماجی شعبے میں خدمات انجام دینے والوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔گورنر نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاری، تجارت اور سیاحت کے وسیع مواقع موجود ہیں اور حکومت چاہتی ہے کہ اوورسیز پاکستانی ان مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔گورنر نے ملکی معیشت کے استحکام میں اوورسیز پاکستانیوں کی کوششوں کو سراہا اور مستقبل میں بھی ایسے روابط کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔







