ویب ڈیسک: مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں مخصوص نشستوں پر حلف لینا پارلیمانی سیاست کی تاریخ کا سیاہ باب ثابت ہوگا ۔
مخصوص نشستوں پر حلف برداری پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا کہ عوام کی جانب سے مسترد شدہ جماعتوں کو پی ٹی آئی کی مخصوص نشستیں دی گئیں، جو آئینی و جمہوری اصولوں کے خلاف اور عوامی رائے کی توہین ہے۔
انہوں نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم کا سہارا لے کر جس انداز میں مخصوص نشستوں پر قبضہ کیا گیا، وہ پارلیمانی اقدار کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مخصوص نشستوں پر زبردستی قابض ہو کر ان جماعتوں نے جمہوریت کی ساکھ کو نقصان پہنچایا اگر اپوزیشن میں اخلاقی جرات ہوتی تو وہ ان نشستوں کو قبول نہ کرتی لیکن اقتدار کی ہوس نے انہیں اصولوں سے محروم کر دیا ہے۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے عوامی حمایت حاصل کی ہے، اسی لیے وہ ہار کر بھی مطمئن ہے جبکہ اپوزیشن جماعتیں جیتنے کے باوجود غیر مطمئن دکھائی دے رہی ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما کے اس بیان کو خیبرپختونخوا میں جاری سیاسی کشمکش اور سینیٹ انتخابات کے تناظر میں خاصی اہمیت دی جا رہی ہے۔
مخصوص نشستوں پر حلف تاریخ کا سیاہ باب ثابت ہوگا ،بیرسٹر سیف







