خیبر پختونخوا پولیس کی جانب سے ضلع خیبر میں شہریوں کی سہولت کے لیے ایک بڑی پیش رفت ہوئی ہے، جہاں پولیس سہولت مرکز خیبر کا باضابطہ افتتاح کر دیا گیا۔ اس مرکز کا افتتاح آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کیا۔افتتاحی تقریب میں اے آئی جی آئی ٹی، سی سی پی او پشاور قاسم علی خان، ڈی پی او خیبر رائے مظہر اقبال، پی ایس ٹو آئی جی عمران خان سمیت دیگر پولیس افسران بھی شریک ہوئے۔اس جدید سہولت مرکز میں شہریوں کو درج ذیل 18 خدمات فراہم کی جائیں گی جس میں پولیس کلیرنس ویزہ،پولیس کلیرنس سرٹیفکیٹ،کریکٹر سرٹیفکیٹ،فاریجن رجسٹریشن،ایمپلائی ویری فیکشن،ڈرائیونگ لائسنس،ٹریفک ڈرائیونگ اسکول،چوری شدہ اشیا کی رپورٹ،ایڈمشن پولیس ویلفیئر،ٹینڈر انفارمیشن،لیگل ایڈوائس،خواتین کے لیے خواندو مرکزدیگر بنیادی پولیس سہولیات فراہم ہوگی۔آئی جی ذوالفقار حمید نے کہا کہ کم وسائل کے باوجود قبائلی ضلع خیبر میں ایک ماڈل اور عوام دوست پولیس سہولت مرکز کا قیام محکمہ پولیس کی بڑی کامیابی ہے اور پولیس میں ڈیجیٹلائزیشن اور پولیس اصلاحات کی جانب عملی قدم ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پی نے بتایا کہ: "یہ سہولت مرکز خیبرپختونخوا سمیت تمام قبائلی اضلاع میں ایک ماڈل کے طور پر کام کرے گا، تاکہ شہریوں کو تھانوں کے چکر کاٹنے کی بجائے تمام خدمات ایک چھت تلے میسر ہوں۔ یہ پولیس سروسز کو ڈیجیٹلائز کرنے کی جانب اہم قدم ہے جبکہ صوبے کے دیگر اضلاع سمیت ہر قبائلی ضلع میں اس طرح کا ماڈرن پولیس سہولت مرکز بنایا جائے گا تاکہ عوام کو سہولت ہو ‘انہوں نے مزید کہا کہ:قبائلی اضلاع کی پولیس فرنٹ لائن پر لڑ رہی ہے، اسی لیے انہیں جدید اسلحہ، بکتر بند گاڑیاں، سیفٹی جیکٹس اور ہیلمٹس فراہم کیے جا رہے ہیں۔اسلحے کی ڈسٹریبیوشن جلد مکمل ہوگی جبکہ مزید آرڈر بھی دے دیے گئے ہیں۔سابقہ خاصہ دار فورس کے شہدا کے کیسز کے حل کے لیے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی جا رہی ہے جو ہر کیس کا جائزہ لے کر رپورٹ دے گی۔پولیس ڈھانچے میں بہتری اور پروموشنز کا عمل جلد شروع ہوگا۔آئی جی پولیس نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس نہ صرف کیسز کو جدید ٹیکنالوجی سے ٹریس کر رہی ہے بلکہ ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لا رہی ہے۔ انہوں نے پرامید لہجے میں کہا کہ: "ان شا اللہ، پولیس کی ان کوششوں سے خیبرپختونخوا میں بہت جلد امن بحال ہوگا۔ ہم ضم اضلاع میں پولیس کے تمام مسائل تیزی سے حل کر رہے ہیں اور پولیس پروموشنز کا عمل بھی جلد شروع ہو جائے گا۔”







