پلاسٹک کی خالی بوتلوں سے پیسے کمائیں

پلاسٹک کی استعمال شدہ خالی بوتلیں کچرے میں پھینکنے کے بجائے انہیں مشین میں ڈال کر کریڈٹ حاصل کیا جا سکے گا، ڈیڑھ لیٹر کی 20 خالی بوتلیں ریورس وینڈر مشین میں ڈالنے پر ایک ہزار روپے کا گرین کریڈٹ ملے گا۔لاہور میں پلاسٹک کی آلودگی سے نمٹنے کے لیے ایک نیا ماحول دوست منصوبہ متعارف کرایا گیا ہے جس کے تحت شہری خالی پلاسٹک بوتلیں مخصوص مشینوں میں ڈال کر گرین کریڈٹ حاصل کر سکیں گے۔ یہ منصوبہ ایک نجی کمپنی، آئی ایس پی انوائرمنٹل سولوشنز، نے انٹراٹیک گروپ کے اشتراک سے شروع کیا ہے اور اسے ورلڈ بینک کی مالی معاونت حاصل ہے۔منصوبے کو ادارہ تحفظ ماحولیات پنجاب کے گرین کریڈٹ پروگرام کے ساتھ بھی منسلک کر دیا گیا ہے، جس کے تحت شہریوں کو استعمال شدہ پلاسٹک کے بدلے میں کریڈٹ حاصل کرسکیں گے۔گروپ کے چیئرمین گلفام عابد نے بتایا کہ لاہور میں روزانہ تقریبا 500 ٹن پلاسٹک بوتلوں کا کچرا پیدا ہوتا ہے، جو عام طور پر ندی نالوں، دریاں یا لینڈفل سائٹس پر پھینک دیا جاتا ہے۔ نئی ریورس وینڈنگ مشینوں کے ذریعے یہ بوتلیں اور دیگر سنگل یوز پلاسٹک اشیا، جیسے کپ یا پلیٹیں، جمع کی جائیں گی اور انہیں خام مال کے طور پر استعمال کر کے فٹ پاتھ، سڑکوں کی مرمت یا ماحولیاتی اینٹوں کی تیاری جیسے منصوبوں میں استعمال کیا جائے گا۔یہ مشینیں شہریوں کو ایک ہزار روپے تک کا گرین کریڈٹ دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ کمپنی کے مطابق ڈیڑھ لیٹر کی 20 یا آدھ لیٹر کی 40 بوتلیں ایک کلوگرام پلاسٹک کے برابر سمجھی جائیں گی، جس پر ایک ہزار روپے کا کریڈٹ ملے گا۔ مشین کا استعمال نہایت سادہ رکھا گیا ہے۔ صارفین بوتل مشین کے مخصوص خانے میں ڈال کر بٹن اے دبائیں گے، اپنا فون نمبر درج کریں گے اور بٹن بی دبانے پر مشین اسکرین پر ان کے کریڈٹ کی تفصیل ظاہر کرے گی۔ یہ معلومات موبائل ایپ پر بھی دستیاب ہوں گی۔موبائل ایپ کے ذریعے کباڑی کمپنی سے براہ راست رابطہ کر کے بوتلیں فروخت بھی کر سکیں گے۔ کمپنی کا نمائندہ ان سے خود جا کر بوتلیں خریدے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed