وفاقی حکومت کے 39محکموں نے رواں مالی سال میں اپنے مختص بجٹ سے زائد اخراجات کیے، جن میں توانائی اور دفاع کے شعبے نمایاں رہے، جبکہ درجنوں محکمے اپنے فنڈز مکمل طور پر استعمال کرنے میں ناکام رہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق کم از کم 39 سرکاری محکموں خاص طور پر توانائی اور دفاع کے شعبوں نے رواں مالی سال کے دوران اپنی مختص کردہ رقم سے زیادہ اخراجات کیے، جب کہ تقریبا تین درجن محکمے مختلف وجوہات کے باعث اپنے فنڈز مکمل طور پر استعمال نہ کرسکے۔گزشتہ برس کی طرح اس سال بھی توانائی اور دفاع کے شعبے سب سے زیادہ خرچ کرنے والے شعبوں میں شامل رہے، جہاں توانائی کے شعبے نے اپنی مختص رقم سے 129 ارب 50 کروڑ روپے اور دفاع کے شعبے نے 61 ارب روپے سے زائد اخراجات کیے۔وزارتِ دفاع کے دفاعی سروسز شعبے نے تقریبا 59 ارب 50 کروڑ روپے زائد خرچ کیے، جب کہ دفاع ڈویژن نے اپنے مختص بجٹ سے 1 ارب 80 کروڑ روپے زیادہ استعمال کیے۔بجٹ دستاویزات کے مطابق، رواں مالی سال کے دوران جاری اخراجات (کرنٹ ایکسپنڈیچر) سے متعلق ڈیٹیلز آف ڈیمانڈز فار گرانٹس اینڈ اپروپری ایشنز میں بتایا گیا ہے کہ دفاعی شعبے نے آپریٹنگ اخراجات اور فزیکل اثاثے کی مد میں اپنی مختص رقم سے زائد اخراجات کیے، جن میں فزیکل اثاثوں کی نظرثانی شدہ تخمینہ رقم 73 کروڑ روپے سے بڑھ کر 2 ارب 50 کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔توانائی کے شعبے نے سرمایہ کاری کے تحت 159 ارب روپے خرچ کیے، حالانکہ اس مد میں کوئی رقم مختص نہیں کی گئی تھی، جب کہ آپریشنل اخراجات بھی 21 کروڑ 50 لاکھ روپے سے بڑھ کر 46 کروڑ 60 لاکھ روپے تک پہنچ گئے۔اسی طرح نیشنل ہیلتھ سروسز شعبے ( وفاقی وزارت صحت کا سیکریٹریٹ) نے رواں مالی سال میں منظور شدہ 27 ارب 80 کروڑ روپے کے مقابلے میں 51 ارب 90 کروڑ روپے خرچ کیے، یعنی 24 ارب روپے سے زائد۔اس اضافے کی بڑی وجہ آپریٹنگ اخراجات تھے، جو 13 ارب 30 کروڑ روپے سے بڑھ کر 35 ارب 80 کروڑ روپے ہوگئے۔اگرچہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) اپنے محصولات کا ہدف حاصل نہیں کرسکا، تاہم اس نے 6 ارب 57 کروڑ روپے اضافی خرچ کیے، جب کہ پاکستان پوسٹ نے بھی 6 ارب روپے زیادہ استعمال کیے۔ رپورٹ کے مطابق حکومت نے غیر ملکی قرضوں کی ادائیگی میں 1 کھرب 77 ارب روپے کی بچت کی، تاہم ملکی قرضوں کی ادائیگی میں اخراجات 2 کھرب 60 ارب روپے بڑھ گئے، گھریلو قرضوں پر سود کی ادائیگی میں بھی 829 ارب روپے کی بچت ہوئی۔مجموعی طور پر حکومت نے غیر ملکی و ملکی قرضوں اور ان پر سود کی ادائیگی کے لیے 33 کھرب 85 ارب روپے خرچ کیے، جب کہ اس مقصد کے لیے 33 کھرب 84 ارب روپے مختص کیے گئے تھے، یعنی 4 ارب روپے سے کچھ زیادہ کا اضافہ ہوا۔حکومت نے غیر ملکی قرضوں کے لیے 4 کھرب 98 ارب روپے مختص کیے تھے، لیکن صرف 3 کھرب 20 ارب روپے خرچ کیے، جس سے 1 کھرب 70 ارب روپے کی بچت ہوئی، غیر ملکی قرضوں کے سود کی مد میں 1 کھرب روپے خرچ کیے گئے۔اسی طرح، مختصر مدتی غیر ملکی قرضوں کی ادائیگی کے لیے 29 ارب 50 کروڑ روپے خرچ کیے گئے، جب کہ مقامی قرضوں کی مد میں حکومت نے 19 کھرب روپے کے مقابلے میں 2 کھرب 60 ارب روپے زائد ادا کیے، تاہم 829 ارب روپے کی بچت سود کی مد میں ہوئی، ممکنہ طور پر پالیسی ریٹ میں کمی کی وجہ سے۔







