خیبرپختونخوا اسمبلی نے سزا ایکٹ اور عطیات جمع کرنے کے حوالے سے قانون میں ترمیم منظور کرلی۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا اسمبلی کے اجلاس میں صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم نے خیبرپختونخوا چیریٹیز ترمیمی بل 2025 پیش کیا۔
قانون میں ترمیم کر کے این جی اوز کی رجسٹریشن کے طریقہ کار کو تبدیل کیا گیا ہے، جس کے تحت اب پہلے سے رجسٹرڈ خیراتی ادارے دو سال بعد تجدید کروائیں گے۔
بل کے تحت معاملے کیلئے کمیشن تشکیل دیا جائے گا جو رجسٹریشن کی تجدیدکیلئے فیس مقرر کرے گا۔ ترمیم بل کے سیکشن بارہ میں کی گئی ہے۔
دریں اثناء صوبائی اسمبلی میں کے پی سزا ایکٹ 2021میں ترمیم کا بل بھی پیش کیا گیا جس کو کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا۔
ایکٹ کے تحت سزاؤں کے نفاذ کا جائزہ لینے کے لئے وزیراعلیٰ کونسل کے اراکین کی تقرری کریں گے جبکہ کونسل میں حاضر سروس یا ریٹائرڈ سرکاری ملازمین، پراسیکوٹرز، ججز اور وکلا شامل ہوں گے۔
کونسل کے اجلاس میں شرکت کرنے والے اراکین اعزازیہ کے اہل ہونگے۔
بل کے تحت کونسل کا چیئرمین مسلسل دو مرتبہ سے زائد ٹرم کے لئے اہل نہیں ہوگا،وزیراعلی کونسل کے لئے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کی تقرری کریں گے ۔
خیبر پختونخوا،سزا ایکٹ اور چیریٹیز ترمیمی بل منظور

