خیبر پختونخوا بارکونسل نے سینئر قانون دان سردار قیضار خان میانخیل ایڈووکیٹ کے اغوا کے خلاف آج صوبہ بھر میں عدالتی بائیکاٹ کا اعلان کردیاہے ، خیبرپختونخوا بارکونسل کے وائس چیئرمین احمد فاروق خٹک اور چیئرمین ایگزیکٹیوکمیٹی اکبر خان کوہستانی نے ڈی آئی خان میں اغوا ہونے والے سینئر قانون دان کی عدم بازیابی پر شدید غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے سردار قیضار خان میاںنخیل ایڈووکیٹ کو ساتھیوں سمیت بخفاظت بازیاب کرنے کا مطالبہ کیاہے ، وائس چیئرمین اور چیئرمین ایگزیکٹیو کاکہنا تھا کہ دن دیہاڑے ڈی آئی خان میں ایک نامور سیاسی شخصیت اور سینئرقانون دان کا اغوا ہونا انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، عوام کو تحفظ دینا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے جس میں حکومت مکمل ناکام ہوچکی ہے ، خیبر پختونخوا بارکونسل کے ممبران کی مشاورت سے آج صوبہ بھر میں عدالتی بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وکلا عدالتی کاروائی کا حصہ نہیں بنے گی جبکہ ڈی آئی خان کے وکلا کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آج ڈی پی او ڈی آئی خان کے دفترکے سامنے پرامن احتجاج کے طور پر دو گھنٹے تک دھرنے کااہتمام کریں اور اگر مسئلہ حل نہ ہواتو بار کونسل مزیددھرنوں کا شیڈو ل جاری کرے گی







